ڈی پی او جہلم کا ٹریفک سٹاف کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار، رویہ درست کرنے کا حکم

اپنے رویے درست کریں ورنہ آپ کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔ سید حماد عابد

0

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) سید حماد عابد نے ہیلمٹ پر پابندی نہ کروانے اور کم عمر بچوں کے موٹر سائیکل اور کاریں چلانے پر ٹریفک پولیس کی طرف سے کاروائی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل اور والدین کا اثاثہ ہیں جن سے ہیلمٹ پہن کر موٹر سائیکل چلانے کی پابندی کروائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حیران کن بات ہے کہ کل 42 چلان ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف اور 2 کم عمر بچوں کے ہوئے ہیں جو کہ ٹریفک سٹاف کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے اگر ٹریفک پولیس نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو وہ محکمانہ کاروائی کے لیے تیار رہیں۔

ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ والدین کو اپنے کم عمر بچوں کی جانوں کی حفاظت کے لیے انہیں موٹر سائیکل چلانے سے سختی سے منع کرنا ہو گا جبکہ تمام کالجز اور سکولز کے سربرہان جن کا درجہ اور احترام والدین کے برابر ہوتا ہے وہ اپنے تمام کالجز اور سکولز میں کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل چلانے سے سختی سے روکیں تاکہ ان کی جانیں محفوظ ہو سکیں۔

کیپٹن(ر) سید حماد عابد نے ضلع پولیس کو خبردار کیا کہ پولیس میں چند ملازم جو منشیات فروشوں اور غیر قانونی کاموں میں ان کی معاونت کرتے ہیں وہ اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ ان کے لیے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں جبکہ منشیات فروشی نوجوان نسل کے لیے ایک ناسور ہے جس کو ختم کرنا ہمارا مشن ہے اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم اس میں کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ جہلم میں جرائم کو روکنے کے لیے دوسرے علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں کے خلاف سرچ اپریشن حساس اداروں کے ساتھ مل کر شروع کر دیا گیا ہے جبکہ گزشتہ رات انڈسٹریل سٹیٹ سے دو افراد کو کاغذات مکمل نہ ہونے اور تھانوں میں اندارج نہ کروانے پر ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں جبکہ یہ سرچ آپریشن پورے ضلع میں جاری رہے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.