جہلم

کالا گوجراں میں 25 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ہسپتال کا افتتاح کر دیا گیا

جہلم: بن قطب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کالا گوجراں میں 25 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ہسپتال کی افتتاحی تقریب،تمام مکاتب فکر کی شرکت۔ ہسپتال کی تعمیر کے لئے چوہدری الیاس سابقہ اڈیٹر جنرل اور کیپٹن(ر) فیاض ارشد کی طرف سے زمین کا عطیہ دیا گیا، انشاءاللہ ہسپتال کی تعمیر میں 20 فیصد حصہ ڈالیں گے۔ چوہدری حسن مصطفیٰ

تفصیلات کے مطابق کالا گوجراں میں بن قطب فاونڈیشن کے زیر اہتمام بننے والے نور عنایت سنٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف تھے جبکہ تقریب کے میزبان چوہدری محمد الیاس سابقہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان، کیپٹن (ر) چوہدری فیاض احمد ارشد اور چوہدری حسن مصطفی تھے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قران پاک سے کیا گیا تلاوت کی سعادت علامہ فاروق الحسن سیالوی نے حاصل کی، اس کے بعد معروف نعت خواں سلطان عتیق الرحمن نے میاں محمد بخش کا کلام پیش کیا۔

چوہدری الیاس سابقہ اڈیٹر جنرل آف پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بن قطب فاونڈیشن صحت کے حوالے سے بہت اچھا کام کر رہی ہے اور ہماری خوش قسمتی ہے کہ آج یہاں کالا گجراں میں یہ منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں جس سے ہزاروں مستحق افراد مستفیض ہونگے۔

بانی بن قطب فاؤنڈیشن ملک بشیر نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے فاونڈیشن نے اس سے پہلے پانچ ہسپتال تعمیر کر چکے ہیں اور آج چھٹے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا اور یہ سب اللّہ تعالی کے خاص کرم اور آپ سب کے تعاون کی وجہ سے یہ منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچے ہیں۔

اس کے بعد ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے باقاعدہ طور پر افتتاح کیا اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بن قطب فاونڈیشن کی طرف سے یہ بہت اچھا اقدام ہے جو یہ صحت کے حوالے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں اس دور میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

تقریب کے آخر میں میزبان کیپٹن (ر) چوہدری فیاض احمد ارشد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے دیگر شرکاء میں سابقہ کونسلر چوہدری ناصر عنایت،سابقہ کونسلر چوہدری آصف، ڈاکٹر فضل الحق، ارسل الیاس پسوال، سابق صدر جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شکیل احمد چوہدری،ایگزیکٹو ممبر و چیئرمین میڈیا اسٹینڈنگ کمیٹی جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری سہیل عزیز، جنرل سیکرٹری جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شاہزیب خان،عمر مشتاق برگٹ، نمبردار اظہر پسوال چک براہم، چوہدری زاہد مونن لیگل ایڈوائزر تحصیل کونسل جہلم ظہیر الٰہی گورسی، کامران اصغر گجر،ریحان اصغر گجر،فرخ گجر آوانہ و دیگر شامل تھے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button