تھانہ صدر جہلم کی ایک اور بڑی کامیابی ،اندھا قتل ٹریس کر لیا،ملزمان گرفتار

0

جہلم (چوہدری عابد محمود+ چوہدری سہیل عزیز+ عامر کیانی) تھانہ صدر پولیس کی بڑی کامیابی،گھرمالہ کے سرکاری ملازم کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا،ڈی پی اوجہلم کی ہدایت پر سب انسپکٹر طارق اور ساتھی پولیس ملازمان نے دن رات محنت کرتے ہوئے دونوں قاتلوں کامران خان اور ماجد حسین کو ٹریس کر لیا، حسن عاشق ولد عاشق حسین ساکن گھرمالہ نے عامر حسین ولد محمد رزاق گھرمالہ کو قتل کروانے کیلئے وقار حسین ولدفضل حسین جادہ کی وسطاعت سے اجرتی قاتلوں سے معقول رقم کے عوض قتل کرنے کی ڈیل کی۔
کیپٹن ریٹائرڈ سید حماد عابد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے دفتر ڈسٹرکٹ پولیس جہلم میںمیڈیا کو بتایا کہ مورخہ24 نومبر2018 ء کو مسمی عامر حسین ولد محمد رزاق قوم گجر سکنہ گھرمالہ جو کہ گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ فار سلو لرنر بلا ل ٹاؤن جہلم میں چوکیدار تھا۔روٹین کے مطابق موٹرسائیکل پر صبح گھر سے ڈیوٹی پر جا رہا تھا ۔جب بوقت قریب 7:20بجے سروس اسٹیشن وقار قادر موضع بنی گھرمالہ بحد رقبہ مونن پہنچا تو دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار جنہوں نے ہلمٹ پہن رکھے تھے عامر حسین کے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس سے وہ گر گیا۔جس پر پیچھے بیٹھے موٹر سائیکل سوار نے فائرنگ کر کے عامر حسین کو قتل کر دیا ۔

ڈی پی او نے بتایا کہ مقدمہ نمبر418مورخہ24 نومبر بجرم 302/34ت پ تھانہ صدر جہلم افضال مہدی SIنے درج کیا ۔اندھے قتل کی اس واردات کو ٹریس کرنے کے لیے کیپٹن ریٹائرڈ سید حماد عابد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے معظم علی DSP/SDPOصدر سرکل کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی جس نے اس کیس پر مسلسل کوشش جاری رکھی اور DPOجہلم مسلسل نگرانی کرتے رہے۔
سید حماد عابد نےبتایا کہ ابھی طارق محمود SIمقدمہ کی تفتیش کر رہے تھے کہ دوران تفتیش بڑی تعداد میں موبائل فون نمبرز کاکال ریکارڈ حاصل کیا گیا اور دو ملزمان کو ٹریس کر لیا گیا۔ کامران خان ولد گل خان قوم پٹھان سکنہ چارسدہ حال مقیم جادہ جہلم، ماجد حسین ولد سجاد حسین سکنہ جادہ جہلم جنہوں نے جائے واردات پر عامر حسین کو فائرنگ کر کے قتل کیا
ڈی پی او نے بتایا کہ وجہ قتل حسن عاشق ولد عاشق حسین سکنہ گھرمالہ کو شبہ تھاکہ مقتول عامر حسین کے اس کی بہن کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں جس نے وقار حسین ولد فضل حسین سکنہ جادہ(مقتول) اور سمیع اللہ ولد محمد ایوب سکنہ کالا گجراںکے ساتھ صلاح مشورہ کیا کہ عامر حسین کو قتل کرنا ہے۔جس پر وقار حسین (مقتول)نے کامران خان ولد گل خان قوم پٹھان سکنہ چارسدہ حال مقیم جادہ جہلم اور ماجد حسین ولد سجاد حسین سکنہ جادہ جہلم جو آپس میں دوست تھے کو معقول رقم کے عوض قتل کرنے پر آمادہ کیا جو اس بات پر راضی ہو گئے ۔

ڈی پی اونے صحافیوں کو بتایا کہ شب درمیانی 23 اور 24 نومبر کو وقار حسین (مقتول) کے ڈیرہ واقع جادہ پر کامران خان ،ماجد حسین ، سمیع اللہ نے اکھٹے ہو کر پلاننگ کو فائنل کیا ۔مورخہ24 نومبر کوعلی الصبح وقار حسین (مقتول ) نے موٹر سائیکل 125اور پسٹل 30بور کامران خان اور ماجد حسین کے حوالے کیا۔جنہوں نے پلاننگ کے مطابق عامر حسین کا گھر سے نکلنے کے بعد سکول کے راستے میں حسن عاشق کی نشاندہی پر تعاقب کیا اور جائے وقوعہ پر پہنچ کر کامران نے فائر کرکے عامر حسین کا کام تمام کر دیا۔
وقوعہ میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل بعد از وقوعہ ملزمان نے سمیع اللہ کو واپس کر دیا۔طارق SIاور ساتھی ملازمان نے اندھا قتل ٹریس کرنے کے لیے دن رات محنت کی ڈی پی او جہلم نے اس اعلی کارکردگی پر ٹیم ممبران کے لیے CC-IIIاور نقد انعام کا اعلان کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.