جہلم شہر و گردونواح میں بدوں نمبر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی بھرمار، پولیس کارروائی سے گریزاں

0

جہلم: شہر و گردونواح میں بدوں نمبر گاڑیوں کی بھرمار، ٹیکسی ڈرائیوروں اور موٹر سائیکل سواروں نے پی ایم ایل این، پی ٹی آئی ، پی پی پی ، پولیس، ٹی ایم اے، ضلع کچہری جہلم، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، اور پریس کی نمبر پلیٹس لگا کر گھومنے لگے۔ حالیہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ایسی بلا نمبری گاڑیوں کے خلاف ضلعی پولیس ، محافظ سکوارڈ کارروائی کرنے سے گریزاں ، جہلم شہر میں جرائم کی بڑھتی ہوئی لہر ،عوام سراپا احتجاج، ڈی پی او جہلم سے کارروائی کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر میں بدوں نمبرٹیکسی گاڑیاں و موٹر سائیکل سواروں نے پی ایم ایل این، پی ٹی آئی ، پی پی پی ، پولیس، ٹی ایم اے، ضلع کچہری جہلم، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، اور پریس کی نمبر پلیٹس لگا کر شہر کے گلی محلوں ، سٹرکوں پر گھومتے دکھائی دیتے ہیں ۔ ان ناموں سے منسوب گاڑیاں و موٹر سائیکلیں شہر میں لاقانونیت کو فروغ دے رہی ہیں۔

بااثر مالکان سرکاری اداروں اور پریس کا نام استعمال کر کے جرائم کو تقویت د ے رہے ہیں ، قانون نافذ کرنے والے ادارے ، پولیس اور متعلقہ انتظامیہ اس سلسلہ میں ایسی گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے سے قاصر ہیں ، حالیہ دہشت گردی کی لہر اور ملکی صورتحال کے پیش نظر ہر شہری کو قانون کے مطابق نمبر پلیٹس لگوانی چاہیے اور بلا نمبری گاڑیوں کو جب تک نمبر پلیٹ نہ لگ جائے استعمال نہیں کرنا چاہیے ، بلا نمبری گاڑیاں کسی بھی وقت ناگہانی واقعہ کا سبب بن سکتی ہیں۔

جہلم کی چاروں تحصیلوں خصوصاً جہلم اندرون شہر میں ایسی بے شمار گاڑیاں موجود ہیں جن کو محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے نمبر نہیں لگائے گئے ، البتہ ان بااثر افرد نے اپنی گاڑیوں کے آگے نمبر پلیٹ والی جگہوں پر مختلف سرکاری محکموں اور پریس کے ناموں سے منسوب نمبر پلیٹیں آویزاں کر رکھیں ہیں ۔ جس سے قانون نافذ کرنے والے ادارے دھوکہ کھا جاتے ہیں ۔شہریوںنے ڈی پی او جہلم سے بدوں نمبر گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.