جہلم

ہر گزرتے دن کے ساتھ مہنگائی میں اضافہ، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے کوسوں میل دور

جہلم: مہنگائی عروج پر، ہر گزرتے دن کے ساتھ مہنگائی میں اضافہ، روز مرہ کی اشیاء خوردونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے کوسوں میل دور ، شہری خود ساختہ مہنگائی اورگراں فروش مافیا کے سامنے بے بس ، انتظامی افسران سیاسی خوشنودی کی آخری حد تک مصروف، شہریوں کا وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی ہر گزرتے دن کے ساتھ عروج پر پہنچ رہی ہے ، ضلعی انتظامیہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔

اس حوالے سے شہریوں نے اخبا رنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مہینہ ماہ رمضان مقرر کر رکھا ہے جبکہ 11 مہینے گراں فروشوں کو لوٹ مار کرنے کے لئے دے رکھے ہیں ، شہر سمیت ضلع بھر میں دکانداروں نے جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے۔

شہریوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جو نرخ مقرر کر رکھے ہیں اس سے 100 گنا اضافے کے ساتھ اشیاء خوردونوش فروخت کی جارہی ہیں، انتظامیہ سیاست دانوں کی چاپلوسیاں کرنے میں مصروف ہے جبکہ گراں فروش شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، پنجاب حکومت نے 100 گرام روٹی کے نرخ 7 روپے مقرر کر رکھے ہیں جبکہ نان بائی اور تندور مالکان نے روٹی کے نرخ 10 روپے وصول کرنے شروع کررکھے ہیں۔

شہریوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے چینی کا نرخ فی کلو گرام 89 روپے مقرر کررکھا ہے جبکہ دکاندار 110 روپے فی کلو گرام کے حساب سے چینی فروخت کر رہے ہیں ، ہوٹل مالکان نے چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج ہونے کیوجہ سے کھانوں اور چائے کے من مانے نرخ مقرر کرکے انتظامیہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال رکھی ہیں۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے فرض شناس ایماندار افسران کو تعینات کیا جائے تا کہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد 2 وقت کی روٹی اپنے بچوں کو مہیا کر سکیں ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button