جہلم

جہلم میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غائب، دکانداروں نے من مرضی کے نرخ مقرر کر لئے

جہلم: پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غائب، دکانداروں نے من مرضی کے نرخ مقرر کرلئے، شہری دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور انتظامیہ شہریوں کا تماشا دیکھنے میں مصروف، شہرو گردونواح میں مہنگائی کا جن بے قابو، آٹا، چینی ، دالیں، مرغی، انڈے اشیاء خوردونوش عوام کی پہنچ سے کوسوں میل دور، سفید پوش طبقہ سمیت مزدوروں کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ، حکومت کی طرف سے آئے روز ڈیزل، پٹرول ، بجلی، گیس مہنگا کرنے کے باعث تعمیراتی کام بھی ٹھپ، سینکڑوں مزدور کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے لگے۔

تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے مزدور طبقہ کا کہنا ہے کہ آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا بہانہ بنا کردکانداروں نے ضروریات زندگی کی اشیاء مہنگی فروخت کرنی شروع کررکھی ہیں، دوسری جانب کورونا وائرس کیوجہ سے تعمیراتی کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔

سینکڑوں مزدور صبح سویرے شہر کے چوک چوراہوں میں مزدوری کی غرض سے ہاتھوں پر ہاتھ دھرے بیٹھے دکھائی دیتے ہیں ،لیکن پورا پورا دن بیٹھ کر شام کو واپس بغیر مزدوری کے گھر لوٹ جاتے ہیں ، جبکہ کرائے پر رہائش پذیر محنت کشوں کا کہنا ہے کہ بیوی بچوں کو 2 وقت کی روکھی سوکھی روٹی بجلی ، پانی کا بل اور مکان کا کرایہ ادا کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جسے پورا کرنے کے لئے سود پر رقم لیکر گھروں کے چولہے جلا رہے ہیں ۔

دوسری جانب بیماری کی صورت میں ادویات خریدنا بیوی بچوں کا علاج معالجہ کروانا مزدور طبقہ کے لئے محال ہو کر رہ گیا ہے ،ادویات کی قیمتوں میں کئی سو گنا اضافہ حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے شوگر ، بلڈ پریشر سمیت مہلک امراض میں مبتلا مریض ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافے کیوجہ سے ادویات خریدنے سے قاصر ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں درجنوں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مقرر کر رکھے ہیں جو دکانداروں کو چیک کرنا من مانے نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروانا گناہ کبیرہ سمجھتے ہیں ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ماہ رمضان میں اکا دکا کارروائیاں کرکے ارباب اختیار کی آنکھوں میں دھول جھونک دیتے ہیں ، جبکہ 11 ماہ دکانداروں کو صارفین کی کھال ادھیڑنے کا ٹھیکہ دے دیتے ہیں ۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی ، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو من مانی قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا پابند بنایاجائے تاکہ ضلع بھر میں قائم خود ساختہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button