جہلم

کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے باوجود لاپروائی، جہلم میں ہفتہ اتوار بھی کاروبار جاری

جہلم: کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے باوجود لاپروائی جاری، تھانہ سول لائن کے علاقے میں ہفتہ اتوار بھی کاروبار جاری، دوکانوں پر ماسک نہ سماجی فاصلہ، رش کے باوجود انتظامیہ خاموش، بازار بند کروانے کے ذمہ دار اہلکار افطاری کے عوض فروخت ہونے لگے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں جہاں گنجائش کم ہو رہی ہے وہیں بعض علاقوں میں اب تک ایس اوپیز پر کوئی عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے خاص طور پر تھانہ سول لائن کے علاقے ڈھوک جمعہ روڈ، محمدی چوک ، کچہری روڈ، اسلامیہ سکول ، ڈھوک عبداللہ ، اثریہ روڈ میں تمام تر دوکانیں اور کاروباری مرکز رات گئے تک کھلے رہتے ہیں جبکہ سرکاری طور پر واضح احکامات کے باوجود ان علاقوں میں تمام مارکیٹیں اور پلازے جمعہ ہفتہ کی چھٹی والے دن بھی کھلے رہتے ہیں۔

اس حوالے سے جب متعلقہ تھانہ سول لائن سے رابطہ کیا گیا تو اہلکاروں نے بتایا کہ جہاں تک ہمارا اختیار ہے ہم کوشش کر رہے ہیں البتہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ ہمارے ساتھ تعاون کرئے اور پابندی کے باوجود کام کرنے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں تو صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔

دوسری طرف کئی دوکانداروں نے بتایا کہ دوکانیں بند کروانے کیلئے آنے والے اہلکار نقد یا سامان کی شکل میں افطاری مانگتے ہیں جو دوکاندار افطاری کا سامان یا پیسے دیتے ہیں ان پر کوئی پابندی نہیں رہتی جبکہ انکار کرنے والے دوکانداروں پر ایس او پیز لاگو کر دئیے جاتے ہیں۔

میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ایس اوپیز پر عمل درآمد کیلئے لگائے گئے انچارج نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ہماری ڈیوٹی صرف دو بجے تک ہوتی ہے اس کے بعد دوکانوں کے کھلے رہنے سے ہمیں کوئی سروکار نہیں ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button