جہلم

پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی پنجاب کلچر ڈے منایا گیا

جہلم: پنجاب بھر کی طرح جہلم میں بھی پنجاب کلچر ڈے منایا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ نے پنجاب کی روایتی پگڑی پہنی اور اپنے دفتر میں سرکاری امور سر انجام دئیے۔ اس موقع پر ضلع کے بیشترسرکاری اداروں کے افسران اور اہلکاران نے بھی شلوار قمیض زیب تن کی اور روایتی پگڑیاں پہنیں۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا کلچر اس خطہ کی تہذیبی ترقی کا آئینہ دار ہے پنجاب جو کہ محبت کی سر زمین اور اخوت کا گہوارہ ہے اس میں بسنے والے لوگ شاندار روایات کے حامل ہیں ، انہوں نے پنجاب کے خوبصورت کلچر کو احسن انداز میں زندہ رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 14مارچ کو پنجاب کلچر ڈے منانے کا جو فیصلہ کیا وہ قابل تحسین ہے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کلچر ڈے کا انعقاد کر کے پنجاب کے قابل فخر سپوت ہونے کا ثبوت دیا ہے پنجاب کلچر ڈے ہماری تہذیبی ترقی کے لئے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو گا پنجاب صوفیا ء اکرام کی سر زمین اور محبت کرنے والوں کی دھرتی ہے۔

شاکر حسین داوڑ نے کہا کہ پنجاب کلچر ڈے اس خطہ کی زبان،اس کے ادب و ثقافت اور اس کے ہمہ جہت خوبصورت کلچر کو پوری دنیا کے سامنے لانے کے لئے ایک بنیاد فراہم کرے گا پنجاب کلچر ڈے پنجاب کی تہذیب و ثقافت جو صدیوں کی مٹھاس اپنے اندر سموئے ہوئے ہے اس کے اظہار کا ذریعہ ثابت ہو گی آج کا پنجاب قدیم روایات اور جدید زندگی کے ملاپ سے ایک خوبصورت کلچر کو پروان چڑھا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ نے کہا کہ پنجاب کلچر ڈے علاقائی ثقافت کے فروغ ،علاقائی لباس ،مصنوعات ،دستکاریوں ،لوک موسیقی ،علاقائی رقص،روایتی کھیلوں ،مقامی پکوان،مٹھائیوں ،مقامی صنعتوں سمیت معاشی سر گرمیوں کے فروغ کے لئے بھی ایک کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ڈی پی او نے کہا کہ پنجاب کلچر ایک دن کی تصویر نہیں یہ صدیوں کے تہذیبی سفر کا خلاصہ ہے ہمارے خطے کی ثقافت ہماری زندگی کے مختلف رنگوں کی عکاس ہے ہمارا کلچر انسانی ذات اور معاشرتی رنگوں کا حسین امتیاز ہے جو ہمیں پوری دنیا میں الگ پہچان دیتا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button