جہلم

جہلم شہر و مضافاتی علاقوں میں قسطوں کی آڑ میں سود کا دھندہ عروج پر

جہلم: شہر و مضافاتی علاقوں میں قسطوں کی آڑ میں سود کا دھندہ عروج پر،بااثر افراد گھروں کی رجسٹریاں ،سادہ چیکوں پر دستخط کروا کر مجبور شہریوں کو کنگال کرنے میں مصروف ہیں، سود خور مافیا نے درجنوں مکانوں پر قبضے جما لئے۔

تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر کے بارونق بازاروں ومضافاتی علاقوں میں قسطوں پرضروریات زندگی کی اشیاء دینے کی آڑ میں سود کاکارروبار عروج پر پہنچا رکھا ہے ، بااثر افراد قسطوں پرایل سی ڈیز، ایل ای ڈیز، فریج، اے سی، پنکھے ، موٹر سائیکلیں ، جنریٹرز ، موبائلز فونزوغیرہ قسطوں پر دیتے ہیں جس کے عوض سادہ لوح شہریوں سے کئی گنا منافع کے ساتھ ساتھ سادہ چیک وصول کرلئے جاتے ہیں۔

غریب سفید پوش والدین جو اپنی بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کرنا چاہتے ہیں کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے معمولی رقم کے عوض مکانوں کی رجسٹریاں یا چیک بک پر دستخط کروا لئے جاتے ہیں ، قسطوں پراشیاء لینے والے افراد سے کسی وجہ سے مقررہ تاریخ پر قسط ادا نہ ہو سکے تو متاثرہ شخص سے سود پر دی گئی اشیاء چھیننے کے ساتھ ساتھ چیک ڈس آنر کروا کر مقدمہ درج کروانے کی دھمکیاں دے کر متاثرین کو حراساں کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا ، اس کارروبار سے وابستہ افراد کو سیاسی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے ،جبکہ ریکوری کے لئے قسطوں کا کارروبار کرنے والے افراد نے غنڈوں سے مدد حاصل کررکھی ہوتی ہے ۔

شہر ی سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہرسمیت ضلع بھر کے علاقوں میں سود کا کارروبار کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سادہ لوح شہری سود خور مافیا سے محفوظ رہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button