جہلم

کلین اینڈ گرین پاکستان کی دعویدارضلعی انتظامیہ نے سکولوں کے باہر ڈمپنگ پوائنٹ قائم کر دیئے

جہلم: کلین اینڈ گرین پاکستان کی دعویدارضلعی انتظامیہ نے سکولوں کے باہر ڈمپنگ پوائنٹ قائم کر دیئے ، سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم مستقبل کے معمار طلباء و طالبات اور سٹاف سخت اذیت اور مشکلات میں مبتلا، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر/ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک طرف پنجاب حکومت کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں شہروں کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کے اقدامات اور بلند و بانگ کرتی دکھائی دیتی ہے تو دوسری جانب جہلم ضلعی انتظامیہ نے سرکاری سکولوں کے باہر دیواروں کے ساتھ کوڑے کرکٹ کا ڈمپنگ پوائنٹس قائم کر رکھے ہیں۔

میونسپل کارپوریشن کے سینٹری ورکرز گلی محلوں کا کوڑا کرکٹ اکٹھا کرکے سکولوں کے باہر موجود ڈمپنگ پوائنٹ میں پھینک دیتے ہیں جس سے اٹھنے والی بدبو و تعفن کے باعث طلباء و طالبات سمیت سکولوں میں تعینات اساتذہ اکرام اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سکولوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات اور سٹاف بدبو اور تعفن کی وجہ سے سخت پریشان ہیں اور انہیں تدریسی سرگرمیاں اس بدبو دار ماحول میں جاری رکھنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔

کوڑے کرکٹ کے ان ڈھیروں سے مکھیوں، مچھروں کی افزائش ہو رہی ہے جس کے باعث ڈینگی، ملیریا اور دیگر موذی امراض پھیلنے کا خدشہ لاحق ہو چکا ہے، اس بارے متعدد مرتبہ میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران کی توجہ مبذول کروائی گئی مگر صحتمند ماحول اور کلین اینڈ گرین پاکستان کے دعویداروں نے تاحال اس بارے کوئی اصلاح و احوال کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔

طلباء و طالبات و سکولز انتظامیہ اور شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر / ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن، سی او میونسپل کارپوریشن سے نوٹس لیکر سرکاری اداروں کے باہر کوڑے کرکٹ کے فلیتھ ڈپو ختم کرکے صحت مندماحول فراہم کرنے اور آئندہ سرکاری اداروں کے باہر کوڑا کرکٹ پھینکنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button