صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے جہلم پریس کلب نے ہمیشہ قلیدی کردار ادا کیا ہے۔ عہدیداران

0

جہلم: جہلم پریس کلب کے عہدیداروں نے گزشتہ روز جہلم کے صحافیوں کی میٹنگ کے موقع پر کہا ہے کہ ضلع جہلم کے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے جہلم پریس کلب کے عہدیداروں نے ہمیشہ قلیدی کردار ادا کیا ہے۔ جہلم پریس کلب اور ضلع جہلم کی دیگر صحافی تنظیموں کے ساتھ ہم نے ہمیشہ دوستانہ تعلقات روا رکھنے کی بھرپور کوشش کی ہے ، صحافیوں کے حوالے سے تمام وہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے جس سے صحافی برادری کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے ۔

اس موقع پر جہلم پریس کلب کے سرپرست اعلیٰ راجہ جہانزیب خان، راجہ نوبہار خان، غلام مصطفی بٹ، امجد ضیاء، مرزاقدیر بیگ، محمد شہباز بٹ، محمد وسیم قریشی ، مرزا راحیل بیگ، راجہ شاہدمحمودو دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے۔صحافی سماج اور سرکار کے کاموں پر گہری نگاہ رکھتے ہیں لیکن افسوس کہ صحافیوں کے مسائل پر سرکار کوئی توجہ نہیں دے رہی ،کس جافشانی اور محنت سے صحافی خدمات انجام دیتے ہیں اور سماج کے سامنے صحیح غلط کی پہچان کرواتے ہیں وہ اپنی جان پر کھیل کر رپورٹنگ کرتے ہیں جس سے بعض صحافی حقائق بیان کرتے ہوئے جان کا نذرانہ تک پیش کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہلم سمیت ملک بھر کے دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں پر جان لیوا حملے بھی ہوتے رہتے ہیں ،لیکن افسو س کہ سرکار صحافیوں کی فلاح و بہبود اور سیکورٹی کے لئے کوئی قانون سازی نہیں کر رہی جس کی وجہ سے صحافیوں کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

مقررین نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا تعلق بھی ضلع جہلم سے ہے جبکہ ضلع جہلم کے صحافی آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی بے شمار مسائل کا شکار ہیں ، ملک بھر کے دوسرے شہروں میں صحافیوں کو سرچھپانے کے لئے پلاٹ الاٹ کئے گئے جبکہ پریس کلبوں کے لئے خوبصورت عمارتیں فراہم کی گئیں، لیکن بدقسمتی سے جہلم کے صحافی آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی 3 مرلے کے ایک کمرے میں صحافی امور سرانجام دینے پر مجبور ہیں۔

جہلم کی صحافی برادری نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے مطالبہ کیاہے کہ جہلم پریس کلب کے صحافیوں کو کشادہ جگہ فراہم کی جائے جہاں صحافی ،صحافتی امور بلا خوف سرانجام دے سکیں۔

اس موقع پر چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود نے صحافی برادری کو آپس میں اتفاق ، اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم الگ الگ گروہوں میں بٹے رہیں گے اس وقت تک ہمیں مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا، ہمیں آپس کے اختلافات ختم کرکے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کی فلاح وبہبود اور سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ صحافی میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

اس موقع پر جہلم پریس کلب کے سابق ممبر ساجد حسین گھرمالہ(مرحوم) ، پنڈدادنخان کے معروف سینئر صحافی ملک ظہیر اعوان کے بہنوئی ، کے ٹو ٹی وی کے رپورٹر سہیل احمد مرزا فراز بیگ کی والدہ ماجدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی اور مرحومین کی مغفرت کے لئے خصوصی دعاکروائی گئی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.