پنڈدادنخاناہم خبریں

جلالپور کینال منصوبہ ضلع جہلم اور پنڈدادنخان کے علاقوں کو سیراب کرے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار

پنڈدادنخان: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جلالپور کینال منصوبہ ضلع جہلم اور پنڈدادنخان کے علاقوں کو سیراب کرے گا، 117 کلومیٹر طویل نہر کی تعمیر سے علاقے کو جدید نہری نظام میسر آئے گا جس سے یہاں پینے کے پانی اور آبپاشی کے مسائل حل ہوں گے۔
تاریخی منصوبے جلالپورکینال کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزادر نے کہا کہ جلال پور اریگیشن کینال پر 32 ارب 72 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، منصوبے کے تحت 30 رابطہ نہروں اور 16 برساتی نالوں کی تعمیر کی جائے گی۔ اس سے ایک لاکھ 70 ہزار ایکڑ بارانی رقبے کو نہری پانی کے ذریعے سیراب کیا جا سکے گا جبکہ ضلع جہلم اور خوشاب کے 80 سے زائد دیہاتوں میں تقریباً چار لاکھ کاشتکار اس سے مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ121 سال کے بعد پنجاب کے دوسرے بڑے منصوبے جلال پور کینال کا افتتاح پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اعزاز ہے۔ 1897ء میں جلال پور کینال کا منصوبہ تیار کیا گیا آج تک کسی کو توفیق نہ ہوئی لیکن وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی حکومت یہ پراجیکٹ پانچ سال میں تین فیزز میں مکمل کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جلال پور کینال تاریخی اور معاشی اہمیت کا حامل پراجیکٹ ہے اس منصوبے کے افتتاح سے پنڈ دادنخان اور خوشاب کے لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے بتایا کہ 23 ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی جلال پورکینال 1965ء میں تونسہ بیراج کی تعمیر کے بعد دوسرا بڑا پراجیکٹ ہے جسے محکمہ آبپاشی پنجاب تعمیر کر رہا ہے جس میں 117 کلو میٹر طویل نہر، 93 لنک کینال، 72 اریگیشن سٹرکچراور 18 فلڈ سرکچر بنیں گے۔ جلال پور کینال سے نہ صرف آبپاشی کے لئے وافر پانی میسر ہو گا بلکہ 40 کیوسک سے زائد پینے کا صاف پانی بھی میسر ہو گا۔
وزیر اعلی نے کہا کہ دریائے جہلم کے دائیں کنارے پر شہر کو محفوظ کرنے کے لئے فلڈ پروٹیکشن بند 1 ارب 80کروڑ روپے کی لاگت سے پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے اور دینہ اور منگلا روڈ بھی جلد مکمل کر لی جائے گی جس پر1 ارب روپے لاگت آئے گی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں ڈپٹی کمشنر کی کاوشوں اور نجی شعبے کے اشتراک سے پناہ گاہ کے منصوبے کا مکمل ہونا انتہائی خوش آئند امر ہے۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے جلال پور کینال کے سنگ بنیاد کی تقریب میں تشریف لانے پر وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور جلال پور کینال کی تعمیر کا آغاز ہونے پر پنڈ دادنخان اور خوشاب کے لوگوں کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button