جہلم میں پاکستان ریلوے کی تاریخی عمارت سے اشیاء چوری، صدر پاکستان نے نوٹس لے لیا

قومی ورثے کی حامل عمارات پر کسی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

0

جہلم : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے قومی ثقافتی ورثے کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ورثے کی حامل عمارات پر کسی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے یہ بات ایوان صدر میں وفاقی محتسب کی سفارش کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران کہی۔صدر مملکت نے پاکستان ریلوے کو ہدایت کی کہ ریلوے کراسنگ لالہ زار کالونی جہلم جو شیر شاہ سوری کے دور میں کبھی ڈاک/ پولیس چوکی تھی کہ قریب پاکستان ریلوے کی ملکیت تاریخی عمارت سے اشیا کی چوری کے حوالے سے انکوائری کی جائے۔

انہوں نے پاکستان ریلوے کو یہ بھی ہدایت کی کہ مخصوص عمارت کے تحفظ اور اس تاریخی مقام کی باقاعدگی سے نگرانی کے لیے سیفٹی گیٹ نصب کیا جائے۔انہوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کو بھی ہدایت کی کہ اس آثاریاتی مقام کے تحفظ کے لیے ضروری تفصیلات اور تدارکی اقدامات کے ساتھ جامع رپورٹ پیش کرے۔

واضح رہے کہ اس مخصوص کیس میں شکایات کنندہ نے اس تاریخی عمارت کی حالت زار اور تباہ حالی کا الزام عاید کیا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تاریخی و آثاریاتی مقامات کا تحفظ کرنے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کا معاون رویہ وقت کی ضرورت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.