صاف سرسبز پاکستان

تحریر: محمد شہباز بٹ

0

قارئین! پاکستان کے حالات کی بات کریں تو قائد اعظم محمد علی جناح کے بعد جو بھی برسر اقتدار آیا اس نے عوامی مسائل اور ملکی حالات کی طرف کم جبکہ ذاتی بینک بیلنس بڑھانے کی طرف زیادہ توجہ دی،ڈالر کیسے بڑھانا ہے کیسے کم کرنا ہے، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتیں بڑھا کر کس کس کو خوش کرنا اور کہاں کہاں سے قرض لیکر ملک کو دیوالیہ کرنا ہے، یہاں تک کہ دہشت گردوں کو پروان چڑھانے،حساس اداروں کو نیچا دکھانے اور ملک دشمن عناصر سے روابط بڑھانے سمیت بھارتی حکمرانوں سے بھی ہمارے کچھ سیاستدانوں نے محبت کی پینگیں بڑھائیں اور اس اندھی محبت میں اتنا آگے نکل گئے کہ اپنے اداروں کو بدنام کر کے اجمل قصاب جیسے لوگوں کو پاکستانی دہشت گرد قرار دیکر ملک و قوم کی بدنامی کروائی گئی۔

ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن کسی نے بجلی بنانے،تیل اور سونے کے ذخائر تلاش کرنے کی طرف کسی نے توجہ نہ دی،موسمی حالات تبدیل ہونا شروع ہوئے تو ہمارے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی،سرسبز و شاداب علاقوں سے درخت کٹوا کٹوا کر سرکاری اراضی پر قبضے ہوتے گئے کہیں پے پلازے،شادی ہالز بنے تو کہیں ہاؤسنگ کالونیاں بن گئیں ۔

موجودہ حکومت میں بھی تاحال مہنگائی، بے روز گاری جیسے مسائل پر قابو نہیں پا سکی لیکن وزیر اعظم کے پروگرام صاف سرسبز پاکستان اور پلانٹ فار پاکستان کے تحت جو شجر کاری کی جارہی ہے اس سے ماحولیاتی آلودگی پر کافی حد تک قابو پایا جا سکے گا ۔

جہلم میں اگر شجر کاری کی بات کریں تو ضلعی حکومت اور محکمہ جنگلات نے اس مہم کو نہایت احسن طریقے سے آگے بڑھایا پلانٹ فار پنجاب مہم کے تحت محکمہ جنگلات کو تین لاکھ پودے لگانے کا حدف دیا گیا جو ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ساجد قدوس اور سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر مغل کی نگرانی میں مکمل ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری،ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ،ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف،ممبران صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال خان،چوہدری ظفر اقبال،محکمہ صحت،پولیس،تعلیم تمام سرکاری محکموں کے افیسران،کئیر ٹیکر،حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی،جہلم پریس کلب،اساتذہ،طلبہ طالبات سمیت دیگر نجی تنظیموں کے عہدہ داران و ممبران اور رضاکارانہ نے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

بلدیاتی نمائندوں نے بھی شجر کاری مہم میں اپنا اپنا حصہ ڈالا،یہاں تک کہ اس مہم کو سیاسی اور مذہبی اختلافات سے بھی دور رکھا گیا،محکمہ جنگلات نے مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لیے چوہا بابا گرونانک کے قریب بابا گرونانک کے 559یوم پیدائش کے موقع پر 559پودے لگائے،عالمی یوم جنگلات کے موقع پر پاکستان کا سب سے بڑا ایونٹ بجوالہ کے جنگل میں ہوا جہاں قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی اراضی پر ایک وقت میں 26ہزار پودے لگا کر ریکارڈ قائم کیا گیا،میلہ سجایا گیا، بجلوالہ کے جنگل میں اور اس روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی اپنے دست مبارک سے برگد کا درخت لگا کر اپنا حصہ ڈالا۔

صاف سرسبز پاکستان مہم جاری ہے محکمہ جنگلات جہلم اپنا ٹارگٹ پورا کر چکا جس پر وزیر اعظم پاکستان نے بھی ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ اور محکمہ جنگلات کی کارکردگی کو سراہا لیکن یہ اختتام نہیں میری نظر میں شروعات ہے اصل امتحان جہلم کی عوام کا ہے ہم لگائے گئے پودوں کو کیسے بچاتے اور پروان چڑھاتے ہیں ہمیں یہاں ختم نہیں کرنا اسکو آگے بڑھانا ہے ہر دن ہمیں پلانٹ فار پاکستان اور صاف سرسبز پاکستان کے طور پے منانا ہے،یہ صدقہ جاریہ ہے،جس جس نے بھی پودے لگانے میں حصہ ڈالا اللہ تعالی اسکو اسکا اجر ضرور دے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.