جہلماہم خبریں

تجاوزات، چنگ چی رکشہ مافیا اور صفائی کی صورتحال، نئے ڈی سی کیلئے بڑے چیلنج

جہلم: شہرمیں تجاوزات ، چنگ چی رکشہ مافیا اور صفائی کی صورتحال ، نئے ڈی سی عبدالستار عیسانی کیلئے بڑے چیلنج ، کیا ڈی سی ان چیلنجز سے نمٹنے میں کامیاب ہو جائیں گے یا نہیں ، جہلم اپڈیٹس سروے میں شہریوں کا ملا جلا رجحان۔

جہلم شہر میں نئے ڈی سی عبدالستار عیسانی کی تعیناتی کے بعد ان کے کیلئے سب سے بڑے چیلنج شہر بھر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات ، چنگ چی رکشہ مافیا اور صفائی کی ناقص ترین صورتحال ثابت ہوں گے کیا ڈی سی عبدالستار عیسانی ان مسائل کو حل کرسکیں گے یا حسب سابق طاقتور مافیا کے سامنے بے بس ہو کر ڈی سی اقبال حسین کی طرح اپنی مدت پوری کریں گے ان سوالوں کے جواب میں جہلم شہر کی مختلف شخصیات نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

معروف قانون دان اور سماجی کارکن چوہدری فرحت ضیاء ایڈوکیٹ نے کہا کہ اگرچہ نئے ڈی سی اسلام آباد میں کافی عرصہ کام کرکے آئے ہیں لیکن پنجاب کے اصل کلچر کے ساتھ ان کو واسطہ اب پڑا ہے وہ شہر کے مسائل حل کر سکیں گے یا نہیں اس بارے کچھ کہنا قبل ازوقت ہو گا البتہ ڈی سی عبدالستار کو سماجی اداروں اور شخصیات کے ساتھ رابطہ رکھ کر شہر کی اصل صورتحال کا ادراک حاصل کرنا ہو گا کیونکہ سرکاری افسران اور میڈیا کے کچھ نمائندے صرف افسران کی چاپلوسی اور خوشامد کے چکر میں سب اچھا کی رپورٹ دیتے ہیں جو حقائق سے کوسوں دور ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ میڈیا اگر شہر کے مسائل کی درست نشاندہی کرئے تو چند روز میں ڈی سی صاحب کی کارکردگی سامنے آ جائے گی ۔

سنی تحریک کے متحرک رہنما سید خلیل حسین شاہ کاظمی نے کہا کہ ڈی سی عبدالستار عیسانی سے بہتری کی امید تو ہر شہری کو ہے کیونکہ شہر میں تجاوزات اور ٹریفک کے نظام کو درہم برہم کرنے والے رکشہ مافیا نے بہت مسائل پیدا کر دئیے ہیں ۔

پی پی پی اورسیز کے رہنما محمد اشرف چغتائی نے نئے ڈی سی کی آمد اور مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم شہر اگرچہ چھوٹا ساہے لیکن اس کے باوجود اس کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے صفائی کی صورتحال اس قدر ناقص ہے کہ اس شہر کے گلی محلوں میں گھومتے ہوئے شرم محسوس ہوتی ہے ڈی سی عبدالستار کے گھر سے دفتر تک تو ہر چیز صاف اور تجاوزات سے پاک ہی رہتی ہے جو افسران کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا آسان طریقہ ہے۔

اشرف چغتائی نے کہا کہ گلیوں محلوں میں ہر طرف کچرے کے ڈھیر جہلم شہر کی پہچا ن بن چکے ہیں بلدیہ کی سینٹری برانچ کو سینکڑوں شکایا ت کے باوجود کوئی ایکشن نہیں ہوتا، جبکہ سڑکوں پر تجاوزات نے تباہی پھیلائی ہوئی ہے گاڑی کا گزرنا تو درکنار مین بازار، نیا بازار، تحصیل روڈ سے پیدل گزرنابھی ناممکن ہو چکا ہے ٹریفک پولیس بھی مکمل طور پر بے بس نظرا ٓتی ہے ۔

معروف ٹیکس ایکسپرٹ رئیس عامر ایڈوکیٹ نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ عبدالستار عیسانی کیلئے چیلنجز تو بہت ہیں لیکن بطور سابق آرمی آفیسر ان سے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ ان مسائل کو بہتر طریقے سے حل کرلیں گے اگرچہ گزشتہ دو تین سال کے دوران شہر میں بدترین مسائل سامنے آئے ہیںلیکن بہتری کی امید ہمیشہ رکھنی چاہیے۔

رئیس عامر ایڈوکیٹ نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے ایک باقاعدہ پلان بنانے کی ضرورت ہے جس پر ہر طرح سے عمل درآمد ہونا چاہیے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button