پنڈدادنخاناہم خبریں

ضلع جہلم کو ملکی اور عالمی سطح پر سیاحوں کیلئے ایک پرکشش مقام بنایا جائے گا۔ کمشنر محمد محمود

پنڈدادنخان: کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر)محمد محمود نے کہا ہے کہ جہلم میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلی عثمان بزادر کی ہدایات کے مطابق جہلم کو ملکی اور عالمی سطح پر سیاحوں کیلئے ایک پرکشش مقام بنایا جائے گا۔

یہ باتیں انہوں نے جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے دورہ کے موقع پر نندنہ کا قلعہ اور سکندر اعظم کی گزرگاہ کی یادگار کے دورہ کے موقع پر کیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم راؤ پرویز اختر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ٹلہ جوگیاں تک رسائی کیلئے ٹریل کو بہتر کیا گیا ہے ، اسی طرح کھیوڑہ میں نمک کی کان، قلعہ روہتاس، نندنہ کا قلعہ، سکندر اعظم کی گزرگاہ اور دیگر بہت سارے ایسے تاریخی مقامات جو دنیا بھر کیلئے کشش کا باعث ہیں اور بہتر سہولیات کی فراہمی اور سڑکوں کے نظام میں بہتری سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔

کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے رسول بیراج، تاریخی باغاں والا گاؤں، تحصیل آفس پی ڈی خان، اسپیشل ایجوکیشن سکول، اولڈ تحصیل آفس، کھیوڑہ کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ سمیت مختلف ترقیاتی پروجیکٹس کا بھی دورہ کیا۔

بعدازاں انہوں نے تحصیل میونسپل آفس پنڈدادنخان میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تمام محکموں کے سربراہان سے بریفنگ لی۔

کمشنر کیپٹن (ر) محمد محمود کو بتایا گیا کہ جہلم 34 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں سے 10 مکمل ہو چکے ہیں۔ پراونشل ہائی وے کے 9، پراونشل بلڈنگز کے 8،لوکل گورنمنٹ کا ایک، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے 9، اریگیشن کا ایک، سمال ڈیم کا ایک، سپورٹس کے تین اور اثار قدیمہ کے دو جاری منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے ۔ پہلے سے جاری متعدد منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے جبکہ مجموعی طور پر اے ڈی پی کی سکیموں کے تحت 34 پروجیکٹس اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے 22 منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے ۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر)محمد محمود نے تمام ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ ایکسئن سے کام ہدف کے مطابق مکمل کروانے اور معیار پر ہر گز نا سمجھوتہ کرنے کا حکم دیا، انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کا ذاتی طور پر جائزہ لیں اور کڑی نگرانی کی جائے تاکہ مفاد عامہ کے ان منصوبوں کو معیار کے ساتھ بروقت مکمل کیا جا سکے ۔

اجلاس میں محکمہ ہیلتھ، ایجوکیشن، ریونیو اور دیگر محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو ڈاکٹر وقار علی خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جہلم جنرل عمر افتخار شیرازی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ربنواز منہاس، اسسٹنٹ کمشنرز و تمام محکموں کے سربراہان موجود تھے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button