جہلم

حکومت مہنگائی میں کمی اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ چوہدری فرخ الطاف

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان مشکل حالات کے باوجود چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم اور بروقت و درست سمت میں فیصلے کر رہے ہیں جبکہ اپوزیشن کا حکومت کے ہر اقدام میں کیڑے نکالنا اور میں نہ مانوں کی رٹ مایوسی پھیلانے کی ناکام کوشش ہے۔

اخبار نویسوں کے وفد سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے طاقتور معیشتوں کی بنیادیں ہل کر رہ گئی ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان نے مشکل حالات میں بروقت غیر معمولی فیصلے کئے اورآنیوالے وقت کو بھی پیش نظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے کسی بھی موقع پر مثبت تجاویز نہیں دیں بلکہ ان کی توجہ اپنی سیاست چمکانے پر مرکوز ہے۔ وزیر اعظم عمران خا ن کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں معاشی استحکام پیدا ہو رہا ہے ،نیزڈالر کی قیمت میں روزبروز کمی اور روپیہ کی قدر میں اضافہ ومستحکم ہونا حکومتی کامیاب معاشی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی لانے اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے دوررس نتائج جلدعوام کے سامنے ہوں گے۔ برآمدات میں اضافے کیلئے پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات بھرپور کامیابی سے ہمکنار ہوئے اور گزشتہ دس برسوں کے بعد مسلسل چھ ماہ برآمدات کا حجم 2ارب سے زائد رہا جبکہ مجموعی طور پر ملکی برآمدات میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے نیز ملکی برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ روپیہ مستحکم ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی محنت رنگ لارہی رہے اور ملکی معیشت درست سمت میں رواں دواں ہے جلد ہی پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کو ازسرنو حتمی شکل دیدی ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان پیکج کے تحت 7 ارب 84 کروڑ 26 لاکھ روپے کی سبسڈی مختص کی گئی ہے جہاں گھی،چینی،آٹے اور دالوں سمیت دیگر 19 اشیاء ضروریہ پر سبسڈی دی جارہی ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button