پنڈدادنخان

پنڈدادنخان میںقبضہ مافیا کا راج، موضع ڈھنگوال میں قبرستان کی 15 کنال جگہ فروخت

پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان میںقبضہ مافیا کا راج، موضع ڈھنگوال میں قبرستان کی تقریبا 15کنال جگہ فروخت ، راستوں پر تعمیرات جاری، دھریالہ جالپ میں بھی جعلی دستاویزات پرجرم ثابت ہونے کے باوجود مفید عامہ کے چھپڑ پر تعمیرات قائم ، گرداور نے قبضہ مافیا سے مک مکا کرکے مارک ہوئی درخواست چھپا دی جس کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہ ہوسکی، بااثر افراد نے قیمتی سرکاری اراضی پر قبضے جما رکھے ہیں،اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان قبضہ مافیا کے سامنے بے بس۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان میں انتظامیہ اور محکمہ مال کی پشت پناہی کی وجہ سے پنڈدادنخان میں عرصہ دراز سے قبضہ مافیا سرگرم ہے۔ پنڈدادنخان کے علاقوں موضع دیہہ قمر اور موضع ڈھنگوال میں محکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق موضع چھپڑ مفید عامہ، قبرستان ،نکاسی آب کے راستے اور عوامی گزر گاہیں جبکہ ایک سرکاری کچا راستہ ہے قبرستا ن سمیت تمام مذکورہ اراضی پر بااثر افراد نے قبضہ کر رکھا ہے جبکہ مفید عامہ کے چھپڑ پر قبضہ کرکے تعمیرات کروا لیں ہیں جس وجہ سے گزر گاہیں اور قبرستان کی جگہ تنگ ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق تجاوز رپورٹ بننے کے باوجود موضع ڈھنگوال میں بااثر افراد نے محکمہ مال کی ملی بھگت سے قبرستان کی 15کنال سے زائد اراضی فروخت کردی ہے جبکہ علاقہ کے راستوں پر بھی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے، ڈی سی جہلم نے قمر کے رہائشی کی درخواست مارک کر کے بھیجی اور قبضہ وگزار کرانے کے احکامات جاری کیے لیکن گرداور نے مبینہ طور پر قبضہ مافیا سے مک مکا کرکے مارک ہوئی درخواست چھپا دی جس کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہ ہوسکی جبکہ دھریالہ جالپ میں بھی جعلی دستاوازت کی بنا پر 2016مفید عامہ کے چھپڑ پر قبضہ کرکے تعمیرات کی گئیں جس کو واگزار کروانے کے احکامات ہوئے لیکن تاحال بااثر افراد کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔

ذرائع کے مطابق علاقہ جالپ میں بااثر قبضہ مافیا نے ہائی وے، محکمہ اوقاف و سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ان قبضہ مافیاء کو محکمہ مال کے پٹواری اور گرداور کی پشت پناہی حاصل ہے ساری صورت حال افسرانِ بالا کے علم میں ہونے کے باوجود ا ن مقامی و ضلعی انتظامیہ قبضہ مافیاء کے سامنے بے بس دیکھائی دیتی ہے۔

اہل علاقہ اور متاثرین نے وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف جسٹس آف پاکستان ، ڈائریکٹر نیب ، آئی جی پنجاب، آر پی او راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے تحصیل پنڈدادنخان میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کروایا جائے اوران کے قبضہ میں غیر قانونی سرکاری و غیر سرکاری زمینیں واگزار کروائی جائیں اور ملوث اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کروا کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button