چوہدری ندیم خادم نے یوسی پھلڑے سیداں میں ن لیگ کے دو ناراض دھڑوں میں صلح کروا دی

0

پڑی درویزہ: طلب تھی صلح کی میلاد کا بہانہ تھا،یونین کونسل پھلڑے سیداں میں ن لیگ کے دو ناراض دھڑوں میں صلح، کارکنان اور قائدین کا مرکزی کردار ۔ چیئر مین سید ذیشان حیدر ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پر منعقدہ محفل میلاد النبیﷺ میں سابق امیدوار برائے چیئر مین ملک عمران احمد اعوان گروپ ،سابق ایم پی اے اور سالار لشکر جہلم چوہدری ندیم خادم کی قیادت میں خصوصی شرکت ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ بلدیاتی انتخابات کے موقع پر تحصیل سوہاوہ کی یونین کونسل پھلڑے سیداں میں مسلم لیگ ن کے دو دھڑوں میں اتفاق نہ ہونے پر یونین کونسل کو آزاد کر دیا گیا۔ دونوں امیدواران ملک عمران احمد اعوان اور سید ذیشان حیدر ایڈووکیٹ آزاد حیثیت سے انتخابات میں شامل ہو ئے۔

نتائج کے مطابق سید ذیشان حیدر ایڈووکیٹ کامیاب قرار پائے۔ اسی تناؤ اور ناراضگی کی وجہ سے کئی عوامی فلاحی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے ۔ دونوں ڈھڑوں کی حمایت سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی الگ الگ کر رہے تھے ۔ ماضی قریب میں منعقد ہونے والے قومی انتخابات کے دوران بھی یہ تناؤ جاری رہا ۔

عرصہ سے کوششیں جاری تھیں کہ سابق ایم این اے چوہدری خادم حسین اور چوہدری ندیم خادم نے سیاسی فہم فراست کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونین کونسل کے منتخب چیئر مین اور ساتھیوں سے رابطہ کیا اور علاقہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز چیئرمین یونین کونسل پھلڑے سیداں سید ذیشان حیدر ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ واقع پھلڑے سیداں میں ایک محفل میلاد النبیﷺ کا اہتمام کیا گیا جس میں شمولیت کے لیے سابق آزاد امیدوار برائے چیئرمین اور مسلم لیگ ن کے دیرینہ کارکن ملک عمران احمد اعوان کو پورے دھڑے کے ہمراہ دعوت دی گئی ۔

نتیجے میں سابق ایم پی اے و سالار لشکر جہلم چوہدری ندیم خادم کی قیادت میں تمام مذکورہ مدعوعین محفل میلاد النبیﷺ میں بھر پور طریقے سے شامل ہو گئے ۔ یاد رہے کہ اس موقع پر چیئر مین یونین کونسل پنڈمتے خان سید گلبہار حسین شاہ اور کارکن غلام حسین کیانی بھی شامل تھے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.