روہتاس روڈ جہلم پر ڈمپر ، ٹریکٹر ٹرالیوں سمیت ہیوی ٹریفک نے علاقہ مکینوں کا جینا حرام کر دیا

0

جہلم: روہتاس روڈ پر ڈمپر ، ٹریکٹر ٹرالیوں سمیت ہیوی ٹریفک نے علاقہ مکینوں کا جینا حرام کر دیا،بھاری گاڑیوں کی زد میں آ کر متعدد شہری اور بچے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں ۔ انتظامیہ نے خاموشی اختیار کرلی۔ شہریوں کا ڈی پی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق روہتاس روڈ پر گنجان آبادی کے درمیان سے گزرنے والے تیز رفتار ڈمپروں نے اہل علاقہ کا سکون غارت کر دیا ہے سنگل سڑک پر سے گزرنے والی بھاری گاڑیوں کے باعث حادثات روزانہ کا معمول بن چکے ہیں ، نصف درجن سے زائد افراد جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں ڈمپروں ، ٹریکٹروں ،ٹرالیوں کی زد میں آ کر جان کی بازیاں ہار چکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے متعددمرتبہ اس روڈ پر ہیوی ٹریفک کے چلنے پرپابندی عائد کی گئی لیکن عمل درآمد آج تک نہیں ہو سکا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملوٹ میں قائم کرش سے آنے والے ڈمپروں کیلئے متبادل سڑک موجود ہونے کے باوجود ڈمپر ڈرائیورشارٹ کٹ کے لئے اسی سڑک کو استعمال کرتے ہیں دوسری جانب روہتاس روڈ کے شروع ہوتے ہی درجنوں چنگ چی رکشوں کے نشئی ڈرائیور سڑک کے عین وسط میں رکشے کھڑے کرکے سواریوں کا انتظار کرتے دکھائی دیتے ہیں جس کیوجہ سے اکثر و بیشتر ٹریفک جام رہتی ہے ۔

ٹریفک پولیس کا کوئی اہلکار روہتاس روڈ پر موجود نہیں ہوتا جس کی وجہ سے چنگ چی رکشہ ڈرائیوں نے جنگل کا قانون نافذ کر رکھاہے ۔ اگر کوئی چھوٹی یا بڑی گاڑی میں سوار مسافر رکشہ ڈرائیوروں کو راستہ کھولنے کی بابت کہے تو رکشہ ڈرائیورز گندگی گالیاں اور تشدد کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے ۔

شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب ، کمشنر راولپنڈی ، ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ روہتاس روڈ پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کی جائے اور چنگ چی مافیا کے زیر قبضہ سڑک کو واگزار کروا کے سڑک کو کشادہ کروایا جائے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.