
سوہاوہ کے شہری گزشتہ چار ماہ سے پانی سے محروم مسلسل احتجاج اور مطالبات کے باوجود شہری پانی کی فراہمی سے محروم، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے وزیر اعلی پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کو نظر انداز کر دیا سائلین درخواستوں کی شنوائی کے لیے دفتر کے چکر لگانے پر مجبور، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کا دفتر سے غائب رہنا معمول بن گیا۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سوہاوہ کی چھٹی کے بعد تاحال میونسپل کمیٹی سوہاوہ میں چیف آفیسر کی سیٹ خالی ہے جس کی وجہ سے شہری پانی کی عدم فراہمی پر بار بار دفتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔
عوامی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر شرجیل شاہد کے تبادلے کے بعد نئی تعینات ہونے والی اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے تاحال تاجر برادری سمیت شہریوں سے ملاقات نہ کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اوپن ڈور پالیسی کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں اور سوہاوہ کی عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کسی تجربہ کار آفیسر کو تعینات کریں تاکہ شہریوں کے مسائل حل ہو سکیں۔