میونسپل کمیٹی جہلم کی وارڈ نمبر 36 محلہ رشیدہ آباد سیوریج پائپ لائن کا منصوبہ تاخیر کا شکار

0

جہلم: محلہ رشیدہ آباد وارڈ نمبر36سیوریج کا منصوبہ التواء کا شکار،تاحال کام رکا ہوا ہے ،نوازشریف کے دور حکومت میں سابق ایم این اے نوابزادہ مطلوب مہدی کی گرانٹ سے اس منصوبے پر کام شرو ع ہوا تھا مگر عام انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی اس منصوبے پر کام روک دیا گیا۔

بچھائی جانے والی سیوریج پائپ لائن اور مین ہول اب منصوبے میں تاخیر ہونے کی وجہ سے مٹی سے بھر چکا ہے سرکاری خزانے سے خر چ ہونے والی خطیر رقم سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ عوام کے لیے سہولت کی بجائے وبال جان بن چکا ہے۔

سیویج پائپ لائن بچھانے کے لیے گلیوں میں کھدائی کی گئی جس کی وجہ سے گلیاں کھنڈرات کا نقشہ پیش کررہی ہیں،اسی طرح پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے گلیوں میں گندا پانی کھڑا ہے جس سے مچھروں اور مکھیوں کی افزائش میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس تمام تر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکمہ کے ارباب اختیار کو حکم صادر فرمائیں کہ جلدازجلد اس ادھورے منصوبے کو مکمل کیا جائے تاکہ ان کو اس ذہنی کوفت سے چھٹکارا مل سکے او رعلاقہ کا دیرینہ مسئلہ حل ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.