عرس بابا شاہ جہان چشتی کے سلسلہ میں میلہ سرجلال خان کی چار روزہ تقریبات اختتام پذیر

0

سوہاوہ: عرس بابا شاہ جہان چشتی کے سلسلہ میں میلہ سرجلال خان کی چار روزہ تقریبات اختتام پذیر، سرجلال خان ویلفیئر کونسل کے زیر اہتمام عرس کی تقریبات کا آغازدربارشریف کو غسل دینے اور روحانی محفل کے انعقادسے کیا گیا ،میلے کی تقریبات میں ثقافتی کھیلوں نیزہ بازی، بیل دوڑ، بگدر اٹھانا، والی بال،کبڈی کے علاوہ محفل مشاعرہ وشعر خوانی شامل تھیں۔

میلہ دیکھنے کے لئے آنے والوں کے لئے کھانے پینے کی اشیاء کے خصوصی سٹالز کے علاوہ بچوں کی دلچسپی کے لئے جھولوں اور مختلف اقسام کے کھلونوں کی عارضی دکانوں کا اہتمام بھی کیا گیا، ممبران قومی وصوبائی اسمبلی کے علاوہ علاقہ کی سیاسی ، سماجی وکاروباری شخصیات نے بطورمہمان شرکت کی، پنجاب کے مختلف علاقوں سے میلے کی تقریبات میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے اپنی تفریح طبع کا سامان کیا، مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق علاقہ پوٹھوہار کی عظیم روحانی شخصیت بابا شاہ جہان چشتی ؒ کے 111ویں سالانہ عرس مبارک کے سلسلہ میں سرجلال خان کے مقام پر چارروزہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ سرجلال خان ویلفیئر کونسل کے زیر اہتمام عرس کی تقریبات کا آغازدربارشریف کو غسل دینے اور روحانی محفل کے انعقادسے کیا گیا ۔

بعد ازاں میلے کی تقریبات کے حوالے سے ثقافتی پروگرام منعقد کئے گئے جن میں سب سے پہلے فنون حرب سے متعلق کھیل نیزہ بازی کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب بھر سے 17نیزہ باز کلبوں نے حصہ لیا۔

عزم وحوصلے اور مہارت کا حسین امتزاج لئے نیزہ بازی کو دیکھنے کے لئے مہمانان خصوصی سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم، راجہ یاسر کمال، چوہدری فوق شیرباز،راجہ فائز اختر کیانی، راجہ قیصردستگیر کیانی، راجہ زاہد عزیز کیانی، راجہ مختار کیانی، چوہدری محمد سعید، ڈاکٹر فہد جاوید مرزا، مرزا محمد جمشید، نائیک چوہدری محمد شبیر، ڈاکٹر آصف کیانی سمیت معززین علاقہ اور شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ بہترین مہارت کا مظاہرہ کرکے مقابلہ جیتنے والے نیزہ بازوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

دوسرے روز کی تقریبات میں سپر فور والی بال مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ تیسرے روز کی تقریبات میں معروف علاقائی کھیل بیل دوڑ کا انعقاد کیا گیا جس میں پوٹھوہار اور خطہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے بیلوں کی جوڑیوں کے مابین مقابلے منعقد کیے گئے جن کو دیکھنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں شائقین موجود تھے۔ مقابلے میں کامیابی سمیٹنے والے بیلوں کے مالکان میں مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف اور دیگر نے ٹرافیاں ، موٹرسائیکل،فریج،واشنگ مشین ، ٹی وی اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

میلے کے آخری روز بگدر(وزن اٹھانے) کے مقابلوں کے علاوہ پنجاب کے روایتی کھیل طمانچے دار کبڈی کے شاندار کھیل کا انعقاد کیا گیا۔ وزن اٹھانے کے مقابلوں میں علاقہ بھر سے ابھرتے ہوئے نوجوان پہلوانوں نے دو سے ساڑھے تین من وزن کے پتھر اٹھا کر شائقین سے خوب داد وصول کی۔

بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پہلوانوں عبدالقدوس،محمد جنید، یثرب علی، حمزہ، طیب علی، رجب ظفر،عباس گجر،بشیر گجر ودیگرمیں مہمان خصوصی چوہدری لیاقت علی نے انعامات تقسیم کئے۔میلے کی آخری تقریب پنجاب کا روایتی کھیل کبڈی تھا جس میں پنجاب اور پاکستان واپڈا کی ٹیموں کے مابین دلچسپ اور طمانچے دارمقابلہ ہوا جس میں پنجاب کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔

اس میچ کو دیکھنے کے لئے ہزاروں شائقین میدان کے چاروں جانب اور ملحقہ پہاڑی پر موجود تھے۔ مہمانان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال، مہمانان خصوصی ممبرصوبائی اسمبلی وپارلیمانی سیکریٹری پنجاب راجہ یاور کمال ، سرفراز احمد راجہ (میئر ہائی ویکمب برطانیہ)، راجہ میرداد (برجس ہائی ویکمب برطانیہ)، سید رفعت محمود زیدی،چوہدری ظفرپگاڑہ، راجہ شاہد عزیز کیانی، ڈاکٹر محمد شعیب، چوہدری محمد سعیدودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بہترین کھیل پیش کرنے پر شائقین نے کھلاڑیوں کو دل کھول کر داد دی۔

مہمانان خصوصی نے پنجاب کی ٹیم کے کپتان محمد عامر کو ونر ٹرافی اور کیش جبکہ واپڈا کے کپتان حاجی عمران مانی کو رنراپ ٹرافی اور کیش انعام تقسیم کئے ۔ بہترین ساہی کے لئے آصف بلوچ اور بہترین جاپھی کے لئے حاجی عمران مانی کو ٹرافیاں انعام دی گئیں۔ آواز پوٹھوہار راجہ تسلیم احمد کیانی نے اپنے مخصوص انداز میں میچ کی کمنٹری کرکے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

میلے کو دیکھنے کے لئے آنے والے ہزاروں شائقین کے لئے کھانے پینے کے خصوصی سٹالزلگائے گئے تھے جبکہ بچوں کی دلچسپی کے لئے جھولوں اور کھلونوں کی عارضی دکانوں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جن سے خریداری کرتے ہوئے بچوں کے چہروں پر در آنے والی خوشی دیدنی تھی۔

میلے کی تمام تقریبات کو پر امن رکھنے اور احسن انداز میں سرانجام دینے پر سرجلال خان ویلفیئر کونسل کے صدر چوہدری لیاقت علی، جنرل سیکریٹری راجہ تسلیم احمد کیانی، انفارمیشن سیکریٹری راجہ آزاد سیماب کیانی ودیگر کو اہلیان علاقہ کی جانب سے مبارکباد اور بھرپورخراج تحسین پیش کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.