ڈومیلی پولیس کی دبنگ کارروائی، بین الاضلاعی یاسرو ڈکیت گینگ گرفتار، مال مسروقہ برآمد

0

سوہاوہ: ڈومیلی پولیس کی دبنگ کارروائی،بین الاضلاعی یاسرو ڈکیت گینگ گرفتار،مال مسروقہ برآمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ سید حماد عابد نے ڈی ایس پی صدر کی نگرانی اور ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی کی سربراہی میں 2019 ء میں ہونے والی ڈکیتی کی وارداتوں کا سراغ لگانے کے لئے پولیس ٹیم تشکیل دی تھی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم کیپٹن (ر)سید حماد عابد کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر جہلم کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی طارق محمود کی سربراہی میں مظہر حسین اے ایس آئی، فیاض احمد اے ایس آئی، صدام حسین ہیڈ کانسٹیبل، حامد علی ہیڈ کانسٹیبل، ظہیر عباس کانسٹیبل، عابد رضا کانسٹیبل، مدثر نواز کانسٹیبل، محمد ابرار کانسٹیبل، کانسٹبلاں پر مشتمل ٹیم بنائی جن کو سال 2019 میں ہونے والی ڈکیتیوں کی سراغ رسانی کا ٹاسک دیا گیا جو ٹیم کے لئے کسی چیلنج سے کم نہ تھی۔

ٹیم نے شب روز محنت کر کے یاسرو بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کو ٹریس کر کے نہ صرف گرفتاری عمل میں لائی بلکہ مال مسروقہ بھی برآمد کیا اور روڈ وارداتوں کا انسداد یقینی بنایا، ملزمان نے ضلع جہلم کے علاوہ ضلع راولپنڈی میں بھی وارداتوں کا انکشاف کیا جن میں علاقہ تھانہ ڈومیلی، علاقہ تھانہ سوہاوہ، مسہ کسوال اور ضلع راولپنڈی کی وارداتیں شامل ہیں۔

اس گینگ میں چار افراد شامل جن میں یاسرولد مجید قوم جٹ ، بابر بٹ ولد محمد ایوب قوم بٹ سکنہ رسول پور، دلدار ولد محمد بوٹا قوم اعوان، امجد پرویز ولد پرویز قوم جٹ سکنہ کھرالہ داخلی جو کہ مقامی ضلع جہلم کے رہائشی ہیں جبکہ یاسر ولد محمد مجید تھانہ ساجد شہید ضلع سرگودھا میں ڈکیتی اور اسلحہ کے مقدمات میں دیگر ساتھیوں کے ساتھ چالان ہو چکا ہے۔

بعد ازاں ضمانت رہا ہو کر اپنے گھر آیا جس کی دوستی بابر بٹ اور اس کے خالہ زاد بھائی علی حیدر سکنہ کلر سیداں ضلع راولپنڈی سے ہوئی۔ امجد پرویز، دلدار اور زبیر کو شامل کر کے روڈ ڈکیتی کرنے کا منصوبہ بنایا۔ گروہ کا سرغنہ یاسر عرف یاسرو تمام ملزمان کا آپس میں رابطے کا ذریعہ تھا جو وارداتوں کے لئے ٹارگٹ کا انتخاب کرتا اور دوسرے ضلع سے بھی ڈکیت بلا کر ٹارگٹ کی نشاندہی کرواتا اور ملزمان کو ٹارگٹ تک رسائی کے لئے سواری سہولیات بھی فراہم کرتا اور گنجان جنگل اور پہاڑوں کے نزدیک نالوں میں واردات کرنے کے لئے پہنچاتا اور مسلح ہوکر سڑک پر کھڑے ہو کر لوگوں کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل، نقدی، طلائی زیورات، موبائل وغیرہ چھین لیتے تھے اور جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واردات کر کے بھاگ جانے میں کامیاب ہو جاتے تھے۔

دوران گرفتاری ملزمان کے قبضہ سے چار عدد پسٹل تیس بور،23 روند برآمد ہوئے جو ملزمان کے خلاف مقدمات تیاری ڈکیتی و اسلحہ کی ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں۔ دوران تفتیش ملزمان کے قبضہ سے لوٹا ہوا مال مسروقہ نقدی، موبائل فون، طلائی زیورات اور موٹرسائیکل برآمد ہو چکے ہیں۔ باقی ایک ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈکیت گینگ کی گرفتاری پر اہلیان ڈومیلی و سوہاوہ اور گرد و نواح میں بھی سکھ کا سانس لیا ہے، جہلم پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ڈی پی او جہلم نے ڈکیت گینگ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کرتے ہوئے گینگ میں شامل باقی ملزمان کی گرفتاری کا جلد ٹاسک سونپا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.