جمہوریت اور اسلام کو کوئی خطرہ نہیں،خطرہ صرف بدعنوان عناصر کو ہے، فواد چوہدری

0

پنڈدادنخان (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے،پاکستان کو دنیا کا طاقت ور ملک بنائیں گے‘ جمہوریت اور اسلام کو کوئی خطرہ نہیں،خطرہ صرف بدعنوان عناصر کو ہے،فاٹا پر 10برس میں ایک ہزار ارب روپے خرچ کرینگے،سعودی عرب،یو اے ای اور ایران عمران خان کو مسلم امہ کا لیڈر سمجھتے ہیں‘ ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ویزہ کی پابندیاں ختم کی ہیں اور آسان ترین بنارہے ہیں۔

ہفتہ کو پنڈدادنخان میں دوستی سپورٹس فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد موجودہ حکومت نے ملک میں پر امن ماحول اور سیاحت کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیوڑہ سیاحت کا بہت بڑا مرکز ہے‘غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کی غرض سے ہم نے ویزہ کی پابندیوں میں انتہائی نرمی کی اور اسے مزید آسان ترین بنارہے ہیں۔

کوئٹہ سانحہ سے متعلق وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونیوالے سانحہ پر بہت غمزدہ ہیں،ہم ہزارہ برادری کا درد محسوس کرتے ہیں،انکا درد ہمارے دلوں میں ہے‘ ہم ایک ہی خاندان کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات دنیا کے مختلف ممالک میں ہورہے ہیں‘ دہشت گردی کیخلاف جنگ آخری مراحل میں ہیں، اپوزیشن سے کہتے ہیں آومل کر ملٹری کورٹس کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر متحد ہوکر ا تفاق رائے سے عملدرآمد کی ضرورت ہے۔

فاٹا کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ فاتا کے عوام نے بہت سختیاں برداشت کی ہیں۔وزیر اعظم نے اگلے دس برس میں فاٹا میں ایک ہزار ارب روپے خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا نے اپنا حصہ کاٹ کر فاٹاکو دیا لیکن جب سندھ کی باری آئی تو پیپلز پارٹی نے فاٹا کے حوالے سے سوتیلے پن کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم بھٹو اور بینظیر کی پارٹی کو چاروں صوبوں کی زنجیر کہتے تھے لیکن آج پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی ایک چھوٹی سی جماعت بن کر رہ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول کاروان بھٹو میں اپنے والد زرداری کی تصویر نہیں لگاتے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ 1947سے 2008تک پاکستان کا کل قرض 37ارب ڈالر تھا جبکہ گزشتہ 10برس میں اپوزیشن نے 60ارب ڈالر قرض لیا۔جب ہم لوٹی ہوئی دولت کا پوچھتے ہیں تو کہتے ہیں جمہوریت خطرے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور اسلام کو کوئی خطرہ نہیں،خطرہ صرف بدعنوان عناصر کو ہے۔پاکستان کو انشاء اللہ روشن مستقبل دیں گے اورپاکستان کو دنیا کا طاقتور ترین ملک بنائیں گے۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان روشن مسقبل کی جانب گامزن ہے۔د ہشت گردی کے خاتمے کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں نئی خارجہ پالیسی لیکر آرہی ہے۔سعودی عرب،یو اے ای اور ایران عمران خان کو مسلم امہ کا لیڈر سمجھتے ہیں۔

قبل ازیں وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے للِہ سے پنڈادنخان تک سڑک کی مرمت کا کام آئندہ ماہ جبکہ 20واٹر سپلائی سکیموں پر کام کا آغاز رواں ماہ کیا جائیگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین پنڈدادنخان اور گورنمنٹ البیرونی بوائز و ڈگری کالج پنڈدادنخان کالج میں فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔یہ فلٹریشن پلانٹس ڈونگ فینگ انٹرنیشنل نے عطیہ کئے ہیں۔ اس موقع پر ڈونگ فینگ انٹرنیشنل کے نمائندے ،کالج انتظامیہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.