جہلم

نئے ڈی سی کی آمد، مردہ محکمے جاگ اٹھے، مردہ محکموں نے کارروائیاں شروع کر دیں

جہلم: نئے ڈی سی کی آمد، مردہ محکمے جاگ اٹھے، گمشدہ پرائس کنٹرول، سول ڈیفنس کی کاروائیاں شروع، یہ متحرک رویہ چند روز کی بات ہے، شہریوں کا تبصرہ۔

جہلم شہر میں حسب سابق نئے ڈی سی عبدالستار عیسانی کو سلامی دینے کی خاطر مردہ محکمے پھر زندہ ہو گئے ہیں اور اپنی نوکریوں کو بحال رکھنے اور ڈی سی عبدالستار عیسانی کی آنکھوں میں مٹی ڈالنے کیلئے چند نام نہاد کاروائیاں شروع کردی گئیں ہیں۔

پرائس کنٹرول کے محکمہ کی جا نب سے چند دوکانوں پر چھاپے اور ہزاروں روپے جرمانے جبکہ سول ڈیفنس کی غیر قانونی ری فلنگ کے خلاف کاروائیاں شامل ہیں پرائس کنٹرول کے ذمہ دار جو ڈی سی اقبال حسین کے دو سالہ دور میں مسلسل سوئے رہے اور کسی بھی جگہ شہر میں چیکنگ کرنے کی زحمت نہ کی، لیکن ڈی سی عبدالستار کے آتے ہی کئی دوکانداروں کو جرمانے کرکے اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہر میں پرائس کنٹرول کے نام پر چھاپے مارٹیم صرف یہ چیک کرتی ہے کہ ریٹ لسٹ آویزاں ہے کہ نہیں، سامان کس ریٹ پر بیچا جا رہا ہے ان کو اس سے کوئی غر ض نہیں، جس کی مثال شہر میں مرغی کاگوشت بیچنے والے نوسرباز ہیں جنہوں نے پرائس لسٹ تو آویزاں کررکھی ہیں لیکن ریٹ مرضی کا ہی لگاتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر دفعہ نئے ڈی سی کی آمد پر کچھ محکموں میں پائے جانے والے مردہ افسران چند روزکیلئے جاگ اٹھتے ہیں اور چند روز بعد ڈی سی کے ٹھنڈا ہو جانے پر وہ بھی لمبی تان کر سو جاتے ہیں اس لئے حالیہ کاروائیاں بھی اسی روٹین کا حصہ ہیں ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button