تحصیل پنڈدادنخان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ سیف انور جپہ

0

پنڈدادنخان/ کھیوڑہ (عادل چوہدری+ مدثر ملک+ سلیمان شہباز) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ تحصیل پنڈ دادنخان میں پانی کے مسائل ختم کرنا، صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا، صحت و تعلیم کے معیار کو بہتر کرنا اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ جہلم کی ترجیحات میں شامل ہے ، ڈاکٹر کی بھرتی کی جا رہی ہے ، حکومت صحت میں خصوصی توجہ بھی د ے رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال کھیوڑہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان احمد فراز ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال، اراکین مرکزی انجمن تاجران پنڈدادنخان اور دیگر سول سوسائٹی کے افراد موجود تھے ۔

ڈی سی جہلم کو عوام نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی بارے آگاہ کیا سی او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم نے شرکا کو بتایا ہسپتال میں چار ڈاکٹروں کو تعینات کر دیا گیا ہے اور مزید ڈاکٹروں کا انٹرویو ہوچکا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس ماہ کے اندر اندر نہ صرف تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بلکہ تمام بی ایچ یو اور صحت سے متعلقہ تمام یونٹ میں نہ صرف ڈاکٹر پورے ہوں بلکہ ہر وہ سہولت عوام کو میسر ہوں جو ان کا حق بنتا ہے ۔

ڈی سی جہلم سیف انور چپہ نے کہا کہ ہم پنڈدادنخان کے عوام سے رابطے میں رہ کر بہتر طور پر کام کر سکتے ہیں اور کر بھی رہے ہیں ہم سے جہاں تک ہوسکتا ہے کوشش کرتے ہیں اور جوں ہی گورنمنٹ آف پنجاب کی طرف سے فنڈ ریلیز ہوں گے تو ہماری تمام تر توجہ تحصیل پنڈدادنخان پرہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی کا نظام واقعی درست نہیں اسں نظام کو درست کرنے کے لیے بھی مشینری اور افرادی قوت کی ضرورت ہے جس میں کچھ انتظامی پیچیدگیاں ہیں جن کے دور ہوتے ہی صفائی سے متعلقہ مشینری ور دیگر اشیاء حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی اس کے علاوہ آنے والی گرمیوں میں پینے کے پانی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا گورنمنٹ کالج میں دو فلٹریشن پلانٹ کے لئے فارن پرسنیلٹی نے ہمیں آفر کی تھی جو کہ جلد کالج میں نصب کرا دیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنڈدادنخان میں سلاٹر ہاؤس کے لیے جلد ہی کام شروع کر دیا جائے گا، ضلع کا جو آفیسر اچھا کام کرے گا، اس کا اس کو کریڈیٹ دیا جائے گا، محکمہ ایجوکیشن میں تعلیمی ایمرجنسی لگا دی گئی ہے اور اساتذہ کی چھٹیاں بند کر دی گئی ہیں، اسسٹنٹ کمشنر ہر پندرہ دن بعد عوام کے مسائل سننے کے لیے رابطہ رکھیں گے، ڈسٹرکٹ ہسپتال جہلم میں مریضوں کے لواحقین کے لیے شیلٹر ہوم اپنی مدد آپ کے تحت بنائے جارہے ہیں۔

سیف انور جپہ نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی کوششوں سے پنڈدادنخان کے گرلز اور بوائز ڈگری کالجز میں دو واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیے جائیں گے، تحصیل پریس کلب کے صحافیوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں موجود گائنی وارڈ کو دوبارہ عوام کی سہولت کے لیے فعال بنانے ڈاکٹروں کی رہائشگاہوں اور دیگر مسائل کی طرف توجہ دلائی جس پر تمام مسائل ڈپٹی کمشنر نے تسلی سے سنے اور ان کو حل کرنے کی ممکن یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے بتایا کہ تحصیل پنڈدادنخان میں پینے کے پانی کے مسائل آمدہ موسم گرما سے قبل حل کر لیے جائیں گے جبکہ سپورٹس سٹیڈیم اور کھیوڑہ میں کھیل کے میدانوں کے لیے 40ملین روپے سے جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں دیگر مسائل بھی زیربحث آئے جب کہ مجوزہ اجلاس میں ڈاکٹر محمد علی ایم ایس ٹی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر انعام جمالی میونسپل کمیٹی کھیوڑہ اور میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کی انتظامیہ سمیت شہر کے معززین نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.