جہلم

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جس کی آزادی ہماری جماعت کا مشن ہے۔ پیپلز پارٹی آزادکشمیر

جہلم: کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،جس کی آزادی ہماری جماعت کا مشن ہے،جسے ہم اپنے قائد کی سربراہی میں پورا کریںگے۔

ان خیالات کااظہار پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی صدر چوہدری لطیف اکبر اور مرکزی جنرل سیکرٹری سابق وزیر فیصل ممتاز راٹھور نے جہلم میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں کیا۔اس موقع پر آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف ،مرکزی نائب صدر مطلوب انقلابی،مرکزی رابطہ سیکرٹری راجہ عامر ذیشان،مرکزی سیکرٹری اطلاعات ریاست علی تبسم کے علاوہ محمد اشرف چغتائی ،انجینئر حافظ سرفراز احمد،مرزا عبدالغفار،سید محمود شاہ،چوہدری نور احمد،ملک محمد یامین،ملک ناصر یامین کے علاوہ سینکڑوں کارکن موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کے قائدین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اقوام متحدہ میں ان کی قرار دادوں پر عمل کروانے کیلئے کشمیریوں کے حقوق کی پاسداری کی،کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارت کے مظالم کو جس طرح ہماری حکومت نے بند کروایا وہ ایک سنہری تاریخ کا باب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی منانے کیلئے ہمارے قائدین آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو لاہور میں پانچ فروری کو ایک جلسہ عام کررہے ہیں جس میں مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کا پیغام پوری پاکستانی اور بین الاقوامی برادری کو پہنچایا جائیگا ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات بھی پاکستان کے انتخابات کے ساتھ ہونے چاہیے تاکہ کرپشن اور بلیک میلنگ کا رجحان ختم ہو اور جمہوری اقتدار پروان چڑھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ آزاد کشمیر حکومت اپنے وسائل کا استعمال آزاد کشمیر میں کرنے کی بجائے نااہل نواز شریف کو بچانے کیلئے لگارہی ہے جبکہ آزاد کشمیر حکومت اپنی ناقص کارکردگی کی وجہ سے فلاپ ہو چکی ہے ۔اس لیے آئندہ آنے والے انتخابات میں پاکستان کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں بھی ہماری حکومت ہو گئی اور اقتدار عوام کے ہاتھ میں ہوگا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button