مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ پوری پاکستانی قوم پوری قوت سے کھڑی ہے، احمد فراز

0

پنڈدادنخان: زندہ قومیں وہی ہوتی ہیں جو اپنے شہداء کے کارناموں کو ناصرف خود ہمیشہ یاد رکھتی ہیں بلکہ نئی نسل تک بھی شہداء کا پیغام پہنچاتی ہیں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے اور اپنی پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد کھڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان احمد فراز اور ڈی ایس پی محمد سلیم خٹک نے بانی پاکستان کے دست راست راجہ غضنفر علی خان کے مزار پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب اور گارڈ آف انر کے بعد راجہ غضنفر علی خان ہائی سکول پنڈدادنخان میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی صدارت سینئر ہیڈ ماسٹر چوہدری محمد افسر خان نے کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پی ایس اے کے مرکزی سیکرٹری انفارمیشن حکیم سید اختر علی شاہ بخاری نے سرانجام دئیے، پاکستانی پرچم کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے ڈی ایس پی سلیم خٹک کی قیادت میں سلامی پیش کی جبکہ میٹرک کے امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء سے پرچم کشائی کرائی گئی

یوم پاکستان کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ پوری پاکستانی قوم پوری قوت سے کھڑی ہے زندہ قوموں کے دور میں ایک خاص وقت آتا ہے جب کوئی خاص فیصلہ کرنا ہوتا ہے اور وہ فیصلہ آنے والی نسلوں پر بھی اثر انداز ہوتا ہے قومیں ہمیشہ درسگاہوں میں بنتی ہیں اچھی تربیت سے ہی اچھی قوم سامنے آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب جدید دور کی جنگیں فضاء اور خلاء میں لڑی جاتی ہیں ہم ترقی کر کے ہی آنے والے وقت کا مقابلہ کر سکتے ہیں ہم کو اپنے قومی جذبات کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی پر بھی عبور حاصل کرنا ہوگا یوم یکجہتی کشمیر اور یوم پاکستان کے سلسلے میں تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کا جذبہ انتہائی قابل قدر ہے 72سال میں ہم پاکستان کو وہ عظیم قوت نہیں بنا سکے ہم دوسروں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہیں جبکہ خود اپنی ذمہ داریوں کو نہیں نبھاتے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جلال پور شریف سے پنڈدادنخان تک موٹر سائیکلوں اور ویکنوں پر ایک بہت بڑی ریلی پنڈدادنخان پہنچی ریلی کا چوک محمدیہ میں اسسٹنٹ کمشنر احمد فراز ڈی ایس پی سلیم خٹک سابق ایم پی اے چوہدری نذر حسین گوندل غلام مصطفیٰ مٹھو اور شہریوں نے ریلی کا بھرپور استقبال کیا جبکہ راجہ غضنفر علی خان کے مزار پر ایک بڑا جلسہ عام منعقد ہوا جس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.