دین اسلام کے ہر پہلو کو اس طرح اختیار کرنا جس طرح آپ ﷺ نے کرنے کا حکم دیا ہے۔ امیر عبدالقدیر اعوان

0

دینہ: دین اسلام کے ہر پہلو کو اس طرح اختیار کرنا جس طرح آپ ﷺ نے کرنے کا حکم دیا ہے ۔ اس کی بنیاد خالص نیت اور صرف رضائے باری کا حصول ہو تو پھر ہماری نظر صرف اللہ کریم پر ہوگی ۔اور کسی کی ناراضگی کی پرواہ نہ ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے دو روزہ روحانی اجتماع کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے اس پلیٹ فارم سے برکات نبوی ﷺ کی وہ تقسیم ہوتی ہے جو سینہ بہ سینہ ہم تک پہنچ رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ایسے افراد پیدا کرنا مقصود ہیں جنہیں دیکھ کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ مسلمان ایسے ہوتے ہیں۔ اور ان کے معاملات یعنی دین ،تعلقات اور بول چل ان سب میں اسوہ رسول ﷺ کی وہ جھلک نظر آئے جس کا درس ہمیں دین اسلام دیتا ہے ۔یہ سب تب ممکن ہو گا کہ ایمان کے ساتھ ہم عمل صالح کریں اور محنت و مجاہدہ کر کے اپنے قلب کی صفائی کریں۔

یاد رہے کہ امیر عبدالقدیر اعوان آج ہی لندن سے واپس پہنچے ہیں وہاں انہوں نے کئی پروگرام میں شرکت کی لیکچر دئیے اور مسلم و غیر مسلم کو ذکر الٰہی کی دعوت دی ۔رواں ہفتہ میں چکوال کمیونٹی سنٹر میں ایک عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔جس کا موضوع” قرار داد پاکستان اور ہماری ذمہ داری” ہے ۔

اس پروگرام میں سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ دینی و مذہبی رہنما کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان نے آخر میں ملک احمد نواز کے بلندی درجات کی دعا فرمائی پچھلے دنوں ان کا انتقال ہو گیا تھا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.