جلالپور، کندوال نہر کیلئے حکومت محکمہ انہار کے ساتھ ملکر ہمارے ساتھ ظلم و زیادتی کر رہی ہے، اہل علاقہ کا احتجاج

0

پنڈدادنخان/ جہلم: مڑیالہ کے رہائشی محکمہ انہار کے خلاف سراپا احتجاج، پنجاب حکومت غریب کسانوں کے ساتھ ظلم بند کرے، ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے، کمشنر راولپنڈی،ڈپٹی کمشنر جہلم انصاف فراہم کریں۔

ان خیالات کا اظہار مڑیالہ ،ملک پور ، شاہ کمیر کے رہائشیوں نے گزشتہ روز ضلع کچہری جہلم میں احتجاج کے دوران صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جلالپور ، کندوال نہر کے لئے پنجاب حکومت محکمہ انہار کے ساتھ ملکر علاقہ مکینوں کیساتھ ظلم و زیادتی کر رہا ہے اگر علاقہ مکین جگہ فروخت کریں تو ٹیکسوں کی بھرمار کردی جاتی ہے ، جبکہ حکومت نے نہر گزارنے کے لئے علاقہ مکینوں کو جن زمینوں کی نشاندہی کی ہے کا معاوضہ ادا کرنے کے نرخ فی مرلہ 825 روپے مقرر کئے ہیں جو کہ ملک بھر میں کسی جگہ پر یہ نرخ لاگو نہیں۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جہلم کے معروف سیاست دان سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی محمود مرزا جہلمی ، معروف قانون دان کرنل (ر) انور خان آفریدی سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت سرگودھا سے جہلم تک محکمہ انہار کی اراضی ہماری زمینوں کے بدلے ہمیں الاٹ کر دے تاکہ ہم اپنے بچوں کے رزق کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

محمود مرزا جہلمی نے کہا کہ محکمہ انہار نے ہماری زمینوں کو نہر میں شامل کرنے کے لئے کروڑوں روپے کے فنڈز وصول کررکھے ہیں جبکہ جو ادائیگی ہمارے ساتھ طے کی جارہی ہے وہ سینکڑوں پر مشتمل ہے جو کسی صورت ہمیں قبول نہیں۔

کرنل (ر) انور خان آفریدی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ جس حساب سے علاقہ مکینوں سے ٹیکس وصول کیا جارہا ہے اسی حساب سے معاوضہ ادا کیا جائے یا پھر سڑک سے 1500 فٹ دوری سے اراضی وصول کی جائے اس اراضی کا ہم کوئی معاوضہ وصول نہیں کریں گے،حکومت مڑیالہ ، ملک پور، شاہ کمیر کے رہائشیوں پر دست شفقت رکھیں تاکہ علاقہ مکین سکھ کی زندگیاں گزار سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.