جہلم

میونسپل کمیٹی جہلم کے علاقہ کشمیر کالونی میں صفائی کا بیڑا غرق ہو گیا، جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر

جہلم: میونسپل کمیٹی جہلم کے علاقہ کشمیر کالونی میں صفائی کا بیڑا غرق ہو گیا، جگہ جگہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیروں نے میونسپل کمیٹی کے عوامی نمائندوںکے دعووں کا پول کھول دیا، شہری گندی اورتعفن سے عاجز آگئے ، میونسپل کمیٹی کی ناقص اور شہر دشمن پالیسیوں پر شہری سراپا احتجاج۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میونسپل کمیٹی کے علاقہ کشمیر کالونی سمیت کالا گجراں میں صفائی کے نام پر لاکھوں روپے کا ٹیکہ خزانے کو لگایا جارہاہے ، لیکن عملی طور پر شہر سے ملحقہ آبادیوں میں صفائی کا بیڑا غرق ہو کر رہ گیاہے ،جگہ جگہ گندگی ، کوڑے کرکٹ اور غلاظت کے ڈھیر منتخب بلدیاتی ممبران کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہیں ،گورنمنٹ ہائی سکول کشمیر کالونی ، گورنمنٹ گرلز و بوائز ہائی سکول کالا گجراں سے ملحقہ پلاٹ فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

کالا گجراں سکولوں کے عین وسط میں گندگی کے ڈھیر کالا گجراں کے ماتھے کا جھومر جبکہ برلب جی ٹی روڈ کشمیر کالونی میں گندگی کے ڈھیر کشمیر کالونی کی پہچان بن چکے ہیں ، ہر وقت گندگی سے اٹھنے والے تعفن سے راہگیروں سمیت قریبی آبادیوں کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ، بوائز وگرلز ہائی سکول کالا گجراں کے سینکڑوں طلباء و طالبات گندگی سے اٹھنے والے تعفن کی وجہ سے متاثر ہورہے ہیں۔

کالا گجراں شہر کے گلی محلوں میں صفائی کا نظام مکمل طور پر متاثرہو چکا ہے ، جس کی وجہ سے شہری سخت ذہنی کوفت کا شکارہیں ،کالا گجراں سمیت کشمیر کالونی کے علاقے جن میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں جن کو اٹھانے کا کوئی انتظام نہیں میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ نے سب کچھ جان کر بھی آنکھیں بند کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے شہری سخت ذہنی کوفت کا شکار ہیں غلاظت سے موذی امراض پھیلنے کا خدشات بڑھ رہے ہیں۔

کشمیر کالونی اور کالا گجراں کے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ نوٹس لے کر صفائی ستھرائی کرانے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button