پنڈدادنخاناہم خبریں

پاکستان تحریک انصاف کی سیاست امید کا استعارہ ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی سیاست کی بنیاد تبدیلی کے نعرے پر رکھی، ان کا خواب ایک جدید اسلامی فلاحی مملکت کا قیام ہے، آج بھی تحریک انصاف مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس کی سب سے بڑی جماعت ہے، عوام کو توقع ہے کہ اگر کوئی انصاف دے سکتا ہے تو وہ صرف تحریک انصاف ہے۔

یہ بات انہوں نے اتوار کے روز پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج سے 25 سال پہلے عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی، یہ وہ وقت تھا جب ملک میں دو سیاسی جماعتوں کا غلبہ تھا اور اس دو جماعتی نظام کے خلاف عمران خان نے جدوجہد کا آغاز کیا، بہت کم لوگوں کو امید تھی کہ وہ ان دونوں سیاسی جماعتوں کو شکست دے پائیں گے۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے اپنی سیاست کی بنیاد تبدیلی کے نعرے پر رکھی اور نئے پاکستان کا وعدہ کیا، نیا پاکستان اور تبدیلی کا وعدہ پاکستان میں ایک ایسی ریاست کی بنیاد رکھنا تھا جس میں قانون طاقتور اور کمزور کے لئے ایک جیسا ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتے تو پرویز مشرف سے سمجھوتہ کر کے وزیراعظم بن جاتے۔

انہوں نے کہا کہ 2011ء میں لاہور کا جلسہ تحریک انصاف کے لئے ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، عمران خان پاکستان کی سیاست کا محور اور مرکز بن گئے۔

آج بھی تحریک انصاف مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس کی سب سے بڑی جماعت ہے، غریب عوام کو توقع ہے کہ اگر کوئی پاکستان میں انصاف دے سکتا ہے تو وہ وہ صرف تحریک انصاف ہے۔ عمران خان کا خواب ایک جدید اسلامی فلاحی مملکت کا قیام ہے، یہ وہی خواب ہے جو علامہ اقبال نے دیکھا، قائداعظم نے اس کے لئے جدوجہد کی۔

چوہدری فواد حسین نے کہاکہ آج علامہ اقبال اور قائداعظم کے پاکستان کی طرف بڑھنے کی توقع صرف عمران خان سے ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button