وزیر اطلاعات نے یونین کونسل گولپور میں بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا

پنڈ دادنخان کے ہر گاؤں میں نمکین پانی کو میٹھا کرنے کیلئے چین کی مدد سے پلانٹ لگائیں گے، فواد چوہدری

0

پنڈ دادنخان (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری سے قوم کے بچوں کی لوٹی ہوئی دولت واپس لیں گے، دونوں نے اپنے ادوارمیں جو لوٹ مار کی ہے ان سے وہ پیسہ واپس لیں گے کیونکہ یہ ہمارے بچوں کا پیسہ ہے، 10 سالوں میں ملک کو 97 ارب ڈالر کا مقروض بنایا گیا،میرٹ اورشفافیت پر یقین رکھتے ہیں،ان لوگوں کوجیل میں تو دل کا دورہ پڑتا ہے لیکن گھرمیں یہ ٹھیک ہوتے ہیں، پنڈ دادنخان کے ہر گاؤں میں نمکین پانی کو میٹھا کرنے کیلئے چین کی مدد سے پلانٹ لگائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یونین کونسل گولپور تحصیل پنڈ دادنخان ضلع جہلم کو بجلی کی فراہمی کے منصوبے کے افتتاح کے بعد خطاب، کوٹ کچا اور پتھر ندی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسیاسی رہنما راجہ شاہ نواز، چیئرمین یونین کونسل گولپور ڈاکٹر نصیر احمدکھنڈوعہ،علاقہ مکین، چینی سفارتخانے کی فرسٹ سیکرٹری اوردیگر عملہ بھی موجود تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تحصیل پنڈ دادنخان کے مختلف علاقوں میں ڈھائی کروڑ روپے کی لاگت سے پانی کی فراہمی کی سکیموں پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی کیلئے 90 لاکھ روپے کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، جس رفتار سے ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہے ہیں آئندہ پانچ سال کے بعد توقع ہے کہ یہاں پر پانی کا کوئی بھی منصوبہ نامکمل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 1947ء سے لے کر2008ء تک پاکستان نے37 ارب ڈالرکا قرضہ لیا تھا تاہم 2008ء سے 2018ء تک 10 سالوں میں60ارب ڈالر کا قرضہ لیکر پاکستان کو97 ارب ڈالر کا مقروض کردیا گیا۔ماضی کے حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے اب ہمارے اخراجات زیادہ اورآمدنی کم ہے،موجودہ حکومت شفافیت اورمیرٹ پر یقین رکھتی ہے، جب سے موجودہ حکومت آئی ہے توخزانہ بھی پریشان ہے کہ اب اسے کوئی کیوں نہیں لوٹ رہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کردیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں،ان لوگوں کوجیل میں تو دل کا دورہ پڑتا ہے لیکن گھرمیں یہ ٹھیک ہوتے ہیں، عدالتوں میں فیس اچھی دیں تو سزا دینا مشکل ہوجاتا ہے ہم ان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں، لوٹ مارکے پیسے واپس لائیں گے کیونکہ یہ ہمارے بچوں کے پیسے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 37 ارب روپے کی لاگت سے پنڈ دادنخان میں سب سے بڑا نہر کا منصوبہ مکمل کریں گے،اس پرجلد کام شروع ہوجائے گا، پنڈ دادنخان تحصیل میں للِہ انٹرچینج سے جی ٹی روڈ تک 9 ارب روپے کی لاگت سے سڑک کو دو رویہ کررہے ہیں جس سے پنڈ دادنخان خان سے جہلم کا سفر45منٹ کم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر بجلی کا منصوبہ مکمل ہوا ہے جبکہ سڑک کا منصوبہ منظور ہوا ہے جس پرتین ماہ بعد کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی کا منصوبہ د س لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنڈ دادنخان کے ہر گا?ں میں نمکین پانی میٹھا کرنے کے پلانٹ چین کے تعاون سے لگائیں جائیں گے۔ اس سال پانی کی سکیمیں منظور کی گئی ہیں آئندہ دو سال تک پانی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا، پنڈ دادنخان میں جانوروں اورمویشیوں کا ہسپتال بھی مزید بہتر کریں گے، پاسپورٹ آفس ایک ماہ میں کام شروع کردے گا،یہاں پر نادرا کا موبائل یونٹ موجود ہے جولوگوں کو شناختی کارڈ جاریکررہا ہے، یونین کونسل کا نیا دفتر بھی بنائیں گے۔

کوٹ کچا میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہاں پربجلی کی فراہمی کا کام مکمل ہوگیا ہے اوررمضان المبارک سے قبل کوٹ کچاکے کچھ ڈیروں میں بجلی کی فراہمی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر گرلز کالج بنائیں گے اور نوجوانوں کو نوکریاں بھی فراہم کریں گے۔

پتھر ندی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پنڈ دادنخان اورجہلم کے ہسپتالوں میں 78 ڈاکٹر تعینات کئے گئے ہیں اس وقت جہلم میں 100ڈاکٹر کام کررہے ہیں۔ پتھر ندی میں مختلف سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ عوامی مسائل کاحل ہماری اولین ترجیح ہے اوروہ خودجمعرات کو اپنے آفس میں جبکہ ہفتہ اور اتوارکو اپنے حلقے میں لوگوں کے مسائل سننے کیلئے موجود ہوتے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی عبداللہ پور ضلع جہلم چوہدری اقبال کے گھر ان کی بہن کی وفات پر تعزیت کے لیے گئے جہاں انہوں نے مرحومہ کےایصال ثواب کے لئے دعا کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.