پنڈدادنخاناہم خبریں

عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔ سہیل حبیب تاجک

پنڈدادنخان (نیوز ڈیسک، سکندر حیات) حکومت پنجاب کے احکامات پر عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں جسے ہم آپ کی معاونت سے پورا کرکے ناصرف آپ کے مسائل حل کریں گے بلکہ ضلع سے جرائم کا خاتمہ بھی کریں گے۔ تحصیل پنڈدادنخان معروف ریاضی دان البیرونی سمیت دیگر کئی تاریخی پہلووں کے لحاظ سے بے مثال اہمیت کا حامل علاقہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی رینج ڈی آئی جی سہیل حبیب تاجک نے آج یونین کونسل آفس ٹوبھہ (پنڈدادنخان) کے دفتر میں کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سید حماد عابد،ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ،اے ڈی سی آر میثم عباس،اے سی احمد فراز،ایس ڈی پی او ڈی ایس پی سلیم خٹک،ڈی ایس پی ٹریفک محمد ارشد کے علاوہ سرکل کے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز موجود تھے۔
ریجنل پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک نے عوام کے مسائل سنیں اور ڈی پی او کے ساتھ مشاورت سے انکے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزداراور ائی جی پنجاب کے احکامات کے مطابق پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کئی اصلاحات کی جارہی ہیں اور نئے دور کے تقاضوں کے مطابق سسٹم کو آن لائن کرکے پہلے سے زیادہ فوائد حاصل کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چھوٹے موٹے جھگڑوں کو معززین علاقہ آپس میں مل بیٹھ کر حل کروائیں جبکہ جھوٹی درخواستیں دینے کا عمل بند ہونا چاہئے اس سے ناصرف آپ کو لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے بلکہ محکمہ پولیس کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔

سہیل حبیب تاجک نے کہاکہ کھلی کچہری لگانے کا مقصد انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے احکامات پر اس لیے شروع کیا ہے کہ آپ لوگوں کو ناصرف انصاف آپ کی دہلیز پر ملے جبکہ آپ لوگ ہمارے معاون بن کر برائی کے خلاف جہاد کرنے کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کریں۔
انہوں نے کہاکہ ان کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس کا عوام میں اعتماد بحال کرنے کے ساتھ ساتھ دوریاں ختم کرنا ہے۔ جس سے ناصرف جرائم کم ہونگے بلکہ ہر فرد کوانصاف ملے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے بھی عوام کے مسائل سن کر انہیں حل کرنے کا حکم دیا۔ ڈی سی جہلم سیف انور جپہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی ہیڈکوارٹر جہلم سے تحصیل پنڈدادنخان کا علاقہ دور افتادہ کہلاتا تھا مگر ہم نے تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کے مسائل سننے اور جاننے کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے اور ہر ہفتے ضلعی انتظامی افسران تحصیل پنڈدادنخان میں لوگون کے درمیان آکر دوری کی سوچ ختم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ مال اور دیگر متعلقہ کامون کیلئے ہر بدھ کو میں اے سی پنڈدادنخان کے دفتر موجود ہوتا ہوں بلاجھجھک اپنے مسائل کے حل کیلئے آئیں۔
ڈی پی او جہلم سید حماد عابد نے بھی خطاب میں تمام تھانوں میں اپنے مسائل کیلئے جانے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرووائی۔کھلی کچہری میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، زیادہ تر شکایات محکمہ مال، پبلک ہیلتھ اور گلیوں سڑکون کے حوالہ سے تھیں، پولیس کے خلاف بہت کم لوگ پیش ہوئے تاہم آرپی او سے تحصیل پنڈدادنخان کے تھانوں میں نفری کی کمی دور کرنے اور گشت کا نظام بہتر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

کھلی کچہری میں موجود بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ سابقہ کھلی کچہریوں کی طرح ٹوبھہ میں ہونے والی اس تقریب کا بھی مقصدر عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے محض فوٹوسیشن کرنا اور کروانا ہی تھا۔لوگوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ خدا کیلئے علاقہ کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے فوٹوسیشن کی روایات کو اب ختم ہونا چاہیئے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button