جہلم کو خوبصورت بنانے کیلئے شب و روز شہریوں سمیت ضلعی انتظامیہ کو کوششیں تیز کرنا ہوں گی، سول سوسائٹی

0

جہلم: شہرکی سول سوسائٹی کے نمائندوں نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے اندرون شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے شب و روز شہریوں سمیت ضلعی انتظامیہ کو کوششیں تیز کرنا ہونگی تاکہ جہلم شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جاسکے جس سے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آسکے۔

انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کی جانب سے ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن کیا گیا اس کے بعد دوبارہ تجاوزات کی بھر مار ہو چکی ہے ، شعبہ انکروچمنٹ کا عملہ ڈنگ ٹپاو مال بناو پالیسیوں پر گامزن ہے میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران حصہ بقدر جثہ لے کر خاموشی اختیار کرلیتے ہیں۔

اندرون شہر کے علاقوں کناری بازار ،مین بازار، ٹویہ محلہ ،تحصیل روڈ ، چوک گنبد والی مسجد ،شاندار چوک ،قبرستان چوک، کالاگوجراں، روہتاس روڈ، جادہ چونگی ،بلال ٹاؤن سمیت جگہ جگہ ٹھیے اور ریڑھی بانوں نے تجاوزات قائم کررکھی ہیں جہاں سے میونسپل کمیٹی کا عملہ روزانہ کی بنیاد پر بھتہ وصولی کر رہا ہے جسکی وجہ سے ٹریفک کے مسائل بڑھ رہے ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بازاروں میں خریداری کیلئے آنے والے شہری اپنی گاڑیوں کو سڑکوں پر کھڑا کر کے خرید و فروخت کے لئے بازاروں کے اندر چلے جاتے ہیں جس کیوجہ سے سڑکوں پر سے گزرنے والی گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں نے ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیاہے کہ ٹریفک پولیس کو لفٹر مہیا کیا جائے تاکہ سڑکوں ، بازاروں چوک چوراہوں میں غیر قانونی طریقوں سے گاڑیاں پارک کرنے والوں کو جرمانے کئے جائیں تاکہ ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے گاڑیوں کے مالکان درست جگہ پر گاڑیاں کھڑی کرکے اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.