حلقہ کی عوام کو جلد ترقیاتی کاموں کے درجنوں منصوبوں کی خوشخبری سناؤں گا، راجہ یاور کمال

0

سوہاوہ: ایم پی اے راجہ یاور کمال ڈپٹی کمشنر جہلم سیف انور جپہ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ذوالفقار احمد نے پنڈ متے خان اور ٹبی سیداں میں بننے والی واٹر سپلائی سکیموں کا جائزہ لینے کے لیے سوہاوہ کا دورہ کیا اور واٹر سپلائی سکیموں کا جائزہ لیا۔

پنڈ متے خان میں بننے والی واٹر سپلائی سکیم پر اہلیان علاقہ اور ایکسئین نے بتایا واٹر سپلائی سکیم کے لیے دو سال سے فنڈ کا اجراء نہیں کیا گیا جو کام کیا گیا تھا اس میں ٹرانسفارمر لگایا گیا جو کہ چوری ہوگیا جبکہ فنڈ نہ ملنے پر کام بند کر دیا گیا جس پر ایم پی اے راجہ یاور کمال نے برہمی کا اظہار کیا اور ڈپٹی کمشنر جہلم نے ایکسئین پبلک ہیلتھ کو ہدایت دی کہ وہ فی الفور سکیم پر پڑے سامان کو کسی محفوظ جگہ منتقل کریں۔

اہلیان علاقہ نے بتایا کہ پنڈ متے خان میں پانی کا مسئلہ اپنی مدد آپ کے تحت حل کر لیا گیا ہے اور اس سکیم پر مزید پیسے لگانے سے حکومت کو نقصان ہو گا۔

اہلیان پنڈ متے خان نے مشترکہ طور پر ڈپٹی کمشنر جہلم اور ایم پی اے راجہ یاور کمال سے استدعا کی ہے کہ اگر اسکیم کو مکمل کرنا پڑے تو اس پر خرچ ہونے والی رقم کو۔بڑھا کر واٹر سپلائی سکیم کوسوہاوہ شہر تک لے جایا جائے تاکہ سوہاوہ میں پانی کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد مل سکے، ڈپٹی کمشنر جہلم اے سی سوہاوہ اور ایم پی اے راجہ یاور کمال نے ٹبی سیداں میں بھی واٹر سپلائی سکیم کا جائزہ لیا اور ایکسئین پبلک ہیلتھ سے اس حوالے سے بریفنگ لی گئی۔

ایم پی اے راجہ یاور کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپنے حلقہ کی عوام کے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنے کے لیے اپنے دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہوں انشاء اللہ بہت جلد حلقہ کی عوام کے لیے ترقیاتی کاموں کے لیے تیس کروڑ سے زائد کے فنڈز سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر دیا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی پہلا سال ہے انشاء اللہ اپنے حلقہ کی عوام کی محرومیوں کو ختم کروں گا عوام کو جلد پینے کے صاف پانی کے لیے شہر میں چار واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ساتھ ساتھ واٹر سپلائی سکیموں کو بہتر کرنے اور نئی واٹر سپلائی سکیموں کے لیے بھی صوبائی حکومت سے منظوری لی جا رہی ہے جو کہ جلد عوام کو خوشخبری سنائی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی کیلئے جلد وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر سیکرٹری سوہاوہ کا دورہ کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.