پڑی درویزہ اور گردونواح میں جشن عید میلاد النبی ﷺ انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

0

پڑی درویزہ: شعور لایا کتاب لایا ، وہ حشر تک کا نصاب لایا ، دیا بھی کامل نظام اس نے ، اور آپ میں انقلاب لایا ، وہ علم کی اور عمل کی حد بھی ، ازل بھی اسکا ہے اور ابد بھی ، وہ ہر زمانے کا رہبر ہے ، میرا پیغمبر عظیم تر ہے ۔ مدنی مارکیٹ اور بازار چوک پڑی درویزہ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کا شیخ محمد وقاص قادری اور شیخ عبدالقدیر کی نعت خوانی و مختصر خطاب ،سیاسی سماجی شخصیات کے ساتھ شاندار استقبال۔

تفصیلات کے مطابق چالیس سالہ روایات کو قائم رکھتے ہوئے نواحی جامع مسجد موہڑہ روشن سے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک بڑا جلوس برآمد ہوا جس میں سینکڑوں موٹر سائیکل سوار وں ، پیدل چلنے والوں کے علاوہ اور سوزوکی پر سوار نعت خوان حضرات علماء کرام اور رکشہ والے بھر پور انداز میں شریک تھے ۔

جلوس پرانہ کوٹ ، ڈھوک جبہ میں مختلف مقامات پر مختصر قیام کے دوران محافل میلاد النبیؐ کا انعقاد کرتا ہوا جب مدنی مارکیٹ پڑی درویزہ پہنچا تو انجمن غلامان رسول ؐ کے ماسٹر محمد اکرم ،ملک محمد افضل برادران ، کے علاوہ جنرل کونسلر پڑی درویزہ صوبیدار (ر) نمبر دار محمد الیاس ، چوہدری اورنگزیب ، کئی نوجوانوں ، مقامی صحافی و جنرل سیکریٹری تحصیل پریس کلب سوہاوہ پروفیسر افتخار محمود اور دیگر نے مشروب کے ساتھ جشن عید میلاد النبیؐ کے جلوس کے شرکاء کا استقبال کیا ۔

مدنی مارکیٹ سے بازار چوک پڑی درویزہ تک گاؤں کی گھنٹوں سے منتظر خواتین نے جلوس کا خیر مقدم کیا ۔ اس کے بعد مذکورہ جلوس جب بازار چوک پڑی درویزہ میں پہنچا تو میلاد کمیٹی پڑی درویزہ کے شیخ محمد وقاص قادری شیخ نوخیز جاوید برادران اور دیگر کئی سیاسی سماجی شخصیا ت نے جشن میلاد النبی ؐ کے جلوس کا پر تباک انداز میں نہ صرف استقبال کیا بلکہ تمام شرکار جلوس کو بہترین لنگر کے ساتھ تواضع بھی کی ۔

یاد رہے کہ بازار چوک پڑی در ویزہ میں جلوس کی آمد سے قبل میلاد کمیٹی پڑی درویزہ کے اراکین شیخ عبدلقدیر اور شیخ محمد وقاص قادری کے ساتھ مل کر نعت خوانی اور مدحت سرائی میں مصروف تھے ۔ بازار چوک سے گزرتا ہوا جلوس جنجوعہ ہاؤس پڑی درویزہ پہنچا جہاںسابق روایات کے مطابق سابق کونسلر پڑی درویزہ اعجاز حسین جنجوعہ کی رہائش گاہ پر ایک محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا ۔

محفل کو نوجوان نعت خوان حضرات نے گرمایا اور خطیب جامع مسجد انوار مدینہ محمود الحسن نے خوبصورت خطاب کرتے ہوئے محفل پر میلاد النبی ؐ کی اہمیت بیان کی انہوں نے کہا کہ حدیث مبارکہ کے مطابق جو کوئی نبی کریم ﷺ پر دن میں پچاس مرتبہ درود پاک بھیجتا ہے قیامت کے روز آپ ؐ اس سے مصافہ فرمائیں گے ۔

جنجوعہ ہاؤس میں محفل کے اختتام پر شرکاء میں شیرینی تقسیم کی گئی اور جلوس اپنے مقررہ راستوں سے واپس جامع مسجد غوثیہ قادریہ موہڑہ روشن میں ایک بڑی محفل میلاد النبیﷺ کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.