نیشنل بینک عملہ کی ہٹ دھرمی اور تعلیم دشمنی ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے فارم جمع کرنے سے انکار

0

جہلم: نیشنل بینک عملہ کی ہٹ دھرمی اور تعلیم دشمنی ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے فارم جمع کرنے سے انکار، دوسرے بینکوں میں جائیں ، سگریٹ اور چائے پیتے ملازمین کی ہدایت،ہزارو ں طلبہ رل گئے، اعلی حکام سے نوٹس کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق سول لائن پر واقع نیشنل بینک کے ہٹ دھرم عملہ نے اپنی سستی اور کام چوری کی عادت ترک کرنے سے انکار کرتے ہوئے ہزاروں طلبہ و طالبات کو ذلیل وخوار کر دیا ہے۔

طلبہ و طالبات نے بتایاکہ ہم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے داخلہ فارم جمع کروانے جب بھی نیشنل بینک جاتے ہیں تو وہاں عملہ چائے پانی ، سگریٹ نوشی میں مشغول ہو تاہے جبکہ ایک دوسرے سے مذاق اور چھیڑ خانی کرتے ہوئے عملہ کے افراد فارم جمع کرنے سے انکار کردیتے ہیں اور دیگر بینکوں میں جانے کا مشور ہ دے کر پھر اپنی مستیوں میں لگ جاتے ہیں۔

طلبہ وطالبات کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کی جانب سے فیس کیلئے صرف مخصوص بینک مقرر ہیں اور ہم مجبورا کئی کئی چکر لگاتے ہیں لیکن نیشنل بینک کا عملہ ہمارے ساتھ بالکل کوئی تعاون نہیں کرتا بلکہ فارم جمع کرنے کی بجائے اگلے بینک کا راستہ دیکھا دیتا ہے جبکہ ہمیں رکشوں، گاڑیوں پر مزید کرائے دے کر دور دراز بینکوں میں جانا پڑتا ہے نیشنل بینک عملہ کی ہٹ دھرمی کے باعث کئی ایک طلبہ کا تعلیمی حرج ہو چکا ہے اور کئی ایک کو جرمانے ادا کرنے پڑے ہیں۔

شہریوں نے نیشنل بینک کے اعلی افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ نیشنل بینک جہلم میں ہٹ دھرم اور کام چور عملہ کو فوری تبدیل کیا جائے اور دوران ڈیوٹی سگریٹ نوشی اور بے جا مصروفیات پر فوری ایکشن لیا جائے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.