عوام الناس کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ محمد سیف انور جپہ

0

سوہاوہ: حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے گورنمنٹ کیپٹن (ر)حسنات علی شہید ہائی سکول فار بوائز سوہاوہ میں کھلی کچہری لگائی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو 09 تحریری درخواستیں دی گئیں جبکہ دیگر سائلین نے اپنے مسائل موقع پربتائے۔

کھلی کچہری میں پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میسم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید نزارت علی، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ذوالفقار احمد، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر اسد منوچر، ڈی او انفارمیشن عثمان سندھو،ایس ای واپڈا، نمائندہ سی ای او ہیلتھ، نمائندہ لائیوسٹاک، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سول ڈیفنس ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم سیف انور جپہ نے کہا کہ آپ کے پاس آنے کا مقصد یہ ہے کہ کھی کچہری میں موجود تمام افسران اور اہلکاروں کی موجودگی میں آپ کی جائز شکایات کو سن کر انہیں موقع پر حل کرنے کی کوشش کریں، میرے دروازے ہر شخص کے لیے کھلے ہیں اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے، سرکاری اوقات کار کے دوران عوامی مسائل کے حل کیلئے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔

ڈپٹی کمشنرمحمد سیف انور جپہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر اوپن ڈور پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کی پاکستان کی خصوصی ہدایات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل پر ہفتہ وار اجلاس بھی جاری ہے جس میں دیگر شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پرتحصیل سطح پرکھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا جائے گا اور ہر جمعہ کے روزمختلف تحصیلوں میں کھلی کچہریاں لگائی جا رہی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر سیف انور نے کہا ہے کہ دکھی عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ عوام الناس کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

ڈھوک مغلاں اور اکرہ موہڑہ میں موجود واٹر سپلائی کی بوسیدہ لائنوں کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے ایس ڈی او پبلک ہیلتھ کو ہدایت کی کہ وہ بوسیدہ پائپ لائنوں کی تبدیلی کے لیے خرچے کا جائزہ لیں، مرزا تصور کی درخواست پر ان کے معذور بیٹے کے علاج اور ان کو ویل چیئر دینے کے لیے ایم ایس ڈی ایچ کیو کو ہدایت کی ڈومیلی میں زیر تعمیر روڈ میں کرپشن کی نشاندہی کر ڈپٹی کمشنر جہلم نے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کو ہدایت کی کہ وہ موقع پر جا کر کام کا جائزہ لیں اور کرپشن کی صورت میں فوری ایکشن لیں۔

محکمہ تعلیم سے نوکری سے فارغ ہونے والے سائل نے کہا کہ انہیں ریگولر ہونے کے باوجود سائل کو نوکری سے فارغ کیا گیا جس پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے ٹیچر کو سی او آفس میں آنے کا کہا اور یقین دہانی کروائی کہ ان کو انصاف دیا جائیگا۔پنڈ متے خان کے رہائشی سجاد ربانی نے سیاسی شخصیت کی طرف سے مفاد عام کی زمین پر قبضہ کرنے کی نشاندہی کی جس پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ کل تک سرکاری زمین کی نشاندہی کروا دی جائے گی۔

میونسپل کمیٹی سوہاوہ کی وارڈ نمبر چھ میں بارش کی وجہ سے سیلابی پانی گھروں میں جانے کی نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر نے اے سی سوہاوہ کو ہدایت کی کہ متعلقہ وارڈ کا دورہ کر کے اس مسئلہ کو حل کیا جائے۔سید مجتبیٰ شاہ بخاری کونسلر ایم سی سوہاوہ نے سوہاوہ شہر میں منشیات فروشی کے متعلق شکایت کی اور کہا کہ سوہاوہ شہر کی وولٹیج کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کروڑوں روپے کی لاگت سے لگایا جانے والا ٹرانسفر پانچ دن بھی نہ چل سکا، بس اسٹینڈ میں سولہ کروڑ کا بل منظور کیا گیا۔ واٹر سپلائی کی مرمت پر لاکھوں روپے ہڑپ کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس گالا کے نام پر لاکھوں روپے کا گھپلا کیا گیا میونسپل کمیٹی میں گھوسٹ ملازمین سرکاری خزانے سے تنخواہیں کے رہے ہیں پنڈ متے خان میں قبضہ مافیا کے خلاف کوئی محکمہ کاروائی کرنے کو تیار نہیں راجہ علی اکبر قبضہ مافیا ہے کم وولٹیج کا مسئلہ پورے جہلم کا ہے گرڈ اسٹیشن کے لیے جگہ تلاش کر رہے ہیں۔

میونسپل کمیٹی کے متعلق شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آپ تحریری درخواست دیں انشاء اللہ آپ کی شکایات پر کاروائی کی جائیگی۔ دیہی علاقوں میں درختوں کی کٹائی کے متعلق شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ درختوں کی کٹائی پر کمیٹی تشکیل دینگے جس پر غیر قانونی درختوں کی کٹائی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی سوہاوہ میں واٹر سپلائی سکیموں کے باوجود شہری پانی سے محروم ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے بتایا کہ باغ سپلائی سکیم کے راستے میں انشاء اللہ جلدی ایک ٹینکر بنوا کر دینگے جس سے شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر پانی فراہم ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ انشاء اللہ گرمیوں سے پہلے شہریوں کو پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا جائیگا این ایچ اے کی طرف سے غیر قانونی ہولڈنگ بورڈ کو اکھاڑنے کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر یہ بورڈ اکھاڑے گئے تھے، انہوں نے کہا کہ اگر سوہاوہ میں مزید بورڈ لگے ہیں تو ان کو قانون کے مطابق اکھاڑا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے سوہاوہ میں اسٹریٹ لائٹس کے متعلق کہا کہ فنڈ ملتے ہی انشاء اللہ اسٹریٹ لائٹس کو ترجیح بنیادوں پر لگوایا جائیگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.