یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا گیا، منگلا پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر، شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت

0

منگلا: یوم یکجہتی کشمیر ملی جوش جذبے سے منایا گیا ،منگلا پل پر پاکستانیوں اور آزاد کشمیر کے شہریوں نے انسانی زنجیر بنائی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ، جہاں پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد ریلی کی صورت میں موجود تھے ۔
اس موقع پر شہریوں نے پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے اور بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ تقریب میں سینکڑوں طلبہ اور اساتذہ نے بھر پور شرکت کی۔ منگلا پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے حق میں اور کشمیر میں بھارتی ظلم کے خلاف نعرے درج تھے۔

تمام شرکاء نے اس عہد کی تجدید کی کہ کشمیر کی مظلوم عوام کی مدد اور بھر پور حمایت جاری رکھی جائے گی ۔کشمیری اور پاکستانی عوام 5 فروری کو ہر سال یوم یکجہتی منا کر بھارت کے ساتھ نفرت اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ منگلا پل پر شرکاء یکجہتی کی جانب سے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سیاسی و سماجی راہنماؤں طلباء وطالبات کے علاوہ سول سوسائٹی اور تاجران کے نمائندے موجود تھے۔
یوم یکجہتی کشمیرکے سلسلہ میں آزاد جموں اینڈ کشمیر کے سنگم منگلا پل پرحکومت پنجاب ضلع جہلم کے سرکاری اداروں اور آزاد کشمیر کے لوگوں کے مابین یکجہتی کے لئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی جس میں محکمہ تعلیم ضلع جہلم کے آفسران نے بالخصوص اور تحصیل دینہ کے افسران ، سکول سٹاف اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے ریلی کی صدارت کی،محکمہ تعلیم جہلم کےڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسر سید مظہر شاہ، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر تحصیل دینہ راؤ عبدالکریم ، ہیڈ ماسٹر و سٹاف گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دینہ،ہیڈماسٹر و سٹاف گورنمنٹ ہائی سکول دینہ،پنڈوری، ساگری کے علاوہ ایلیمنٹری سکول بڑل، ٹھل ، لدھڑ،ٹھیکریاں اوردیگر قریبی سکولوں کے سٹاف وبچوں نے شرکت کی۔
تحصیل دینہ کے تمام مراکز کے AEO صاحبان بمعہ سٹاف ریلی میں شامل ہوئے۔پنجاب ٹیچر یونین تحصیل دینہ کے صدر محمد مقصود باگڑی نے بھی خصوصی یکجہتی زنجیر میں حصہ لیا۔گورنمنٹ ہائی سکول پنڈوری کے ینگ ٹیچر شہزاد صدیق نے پر جوش نعرے لگا کر ریلی کی رونق کو دوبالا کیا۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کے دلوں میں کشمیر یوں سے بھی بڑھ کر مقبوضہ کشمیر کی جلد بھارتی تسلط سے آزادی کی تڑپ موجود ہے ، برہان وانی اور ان جیسے لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں ضروررنگ لائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر سے بھارت کا غاصبانہ قبضہ ختم ہوگااور پاکستانی و آزاد کشمیر کے بھائی مظلوم کشمیریوں کیساتھ ملکر یوم یکجہتی منائیں گے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.