پنڈدادنخاناہم خبریں

پی ٹی آئی اقتدار کی نہیں اقدار کی جنگ لڑ رہی ہے، ضلع جہلم سے کلین سویپ کریں گے۔ فواد چوہدری

پنڈدادنخان: پی ٹی آئی اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی جنگ لڑ رہی ہے ہماری جنگ تحصیل پنڈدادنخان کی پسماندگی کے خلاف ہے، ہم ضلع جہلم سے کلین سویپ کریں گے۔ عمران خان اور پی ٹی آئی اقتدار کی بجائے اقدار کی جنگ لڑ رہی ہے، گزشتہ 30 سال سے پورے ملک کی طرح ہماری تحصیل پر بھی نااہل اور کاغذی شیروں کی حکومت تھی، 22 سال سے کرپٹ عناصر کے خلاف پی ٹی آئی کی جاری جنگ اب اپنے منطقی انجام سے دوچار ہونے جارہی ہے آئندہ انتخابات کے دوران منظرنامہ یکسر تبدیل ہو جائیگا اور تحصیل پنڈدادنخان کو پسماندگی اور محرومیوں کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں غرق کرنے والے مفاد پرست کڑے احتساب سے گزریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار این اے 67 اور پی پی 27 سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار اور ترجمان پی ٹی آئی پاکستان نے پنجاب میڈیا کلب کے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ماضی میں چہرے بدل کر جھوٹے اعداد و شمار سے فریب دینے والوں کے پس پردہ عزائم اور لوٹ مار کی پالیسی کو سمجھ چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ضلع جہلم سمیت پورے پاکستان کے طول و عرض میں بسنے والے باشعور عوام ان سے نالاں ہو کر تبدیلی کے لیے کمر بستہ ہوچکے ہیں، موجودہ گھمبیر حالات میں پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی بھی جماعت عہدہ برا ہونے کی سکت نہیں رکھتی۔

عوام کو بھی چاہیے کہ تیس سال تک تحصیل پنڈدادنخان کو پسماندگی کی اتھاہ گہرائیوں میں گرانے والے افراد اور خاندانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اپنی محرومیوں کا بدلہ 25 جولائی کو پولنگ اسٹیشنوں پر جاکر بلے کے نشان پر ٹھپے لگا کر لیں اور مکروفریب کی قوتوں کو اسمبلیوں سے ہمیشہ کے لیے باہر کردیں۔ مثبت تبدیلی کا وقت قریب آچکا ہے، موجودہ انتخابات میں عوامی غیض و غضب لوٹ مار کرکے اپنی تجوریاں بھرنے والوں کو اوقات یاد کرا دے گا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button