گرمی بڑھتے ہی برف ڈیلروں کی چاندی ڈیلروں اور دکان داروں نے من مانے نرخ مقرر کر لئے

0

جہلم: گرمی بڑھتے ہی برف ڈیلروں کی چاندی ڈیلروں اور دکان داروں نے من مانے نرخ مقرر کر لیے ، شہری دن دیہاڑے نرخ مقرر نہ ہونے کے باعث لٹنے پر مجبور، شہریوں کا زائد نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر و گردونواح کے مختلف علاقوں ،محمدی چوک، بلال ٹاؤن، مشین محلہ، کالا گجراں ، جادہ چونگی ، رہتاس روڈ، قبرستان چوک، شاندارچوک، سمیت برف فروخت کرنے والے دکانداروںنے من مانے نرخ مقرر کر کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیاہے، دوسری جانب پرائس کنٹرول کمیٹیوں ، پرائس مجسٹریٹوں نے چپ سادھ رکھی ہے ۔

گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بااثر برف فروخت کرنے والے دکانداروں نے اچانک برف کی مانگ میں اضافے کے ساتھ ہی نرخوں میں بھی خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے دکانداروں نے غریب اور سفید پوش طبقے سے تعلق رکھنے والے شہریوںکا مذاق اڑاتے ہوئے 20 سے 30 روپے کی برف فروخت کرنی چھوڑ دی ہے ۔

بااثر برف فروش برف خریدنے کیلئے آنے والے گاہکوں کو 50 روپے میں 2 سے اڑھائی کلو برف تھما دیتے ہیں جس کی وجہ سے محنت مزدوری کرنے والے شہری اور ان کے چھوٹے چھوٹے معصوم بچے شدید گرمی کے موسم میں گرم پانی پینے پر مجبور ہیں۔

شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ برف فروخت کرنے والوں کے لئے قانون بنایا جائے اور پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح شیشہ برف کے نرخ 10 روپے فی کلو مقرر کئے جائیں تاکہ عام شہری گرمیوں کے موسم میں ٹھنڈا پانی پی سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.