ضلع جہلم میں کیمیکل ملی چائے کی پتی مرچوں اور مصالحہ جات کی فروخت کا دھندہ عروج پر

جہلم: اندرون شہر سمیت چاروں تحصیلوں میں کیمیکل ملی چائے کی پتی مرچوں اور مصالحہ جات کی فروخت کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا۔
چائے کی پتی ، مرچوں اور مصالحہ جات سمیت کیمیکل ملا دودھ انسانی زندگیوں کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو رہا ہے ۔شہریوں سمیت بزرگ شہریوںاور معصوم بچوں کی بڑی تعداد کیمیکل ملا دودھ ، مصالحہ جات، مرچیں اور چائے کی پتی وغیرہ کے استعمال سے آنتوں ، معدے کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔
ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مختلف ملاوٹ شدہ اشیا ء کی فروخت کیخلاف مستقل بنیادوں پر کارروائی کا نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے جس کی وجہ سے بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے بڑے بڑے ملاوٹ مافیا کے سرغنہ حکومتی شکنجے سے محض اس لئے بچے ہوئے ہیں کہ مافیا کی پشت پناہی سیاسی افرا د سمیت متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکار کر رہے جس کی وجہ سے مافیا بڑی دیدہ دلیری سے ملاوٹ والی اشیاء سر عام بازاروں میں فروخت کرنے میں مصروف ہیں ۔
شہریوں کا کہنا ہے ملاوٹ والی اشیاء فروخت کرنیوالے افراد کو جب تک نشان عبرت نہیں بنایا جائیگا اسوقت تک ملاوٹ والی اشیاء خودرونوش کی فروخت کو روکنا ممکن نہیں۔