ضلع جہلم میں انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا کام جاری ہے، الیکشن کمیشن جہلم

0

جہلم: انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا کام جاری، رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کو اپنے شناختی کارڈ پر دیے گئے مستقل یا عارضی پتوں کے مطابق یقینی بنائیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان ہرضلع میں قائم دفتر ضلعی الیکشن کمشنر / رجسٹریشن آفیسر اور دفاتر اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران میں فارم برائے اندراج و منتقلی ووٹ جمع کروانے کی تاریخ میں 31 مارچ 2019 تک توسیع۔الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے مطابق ایسے تمام رائے دہندگان جن کا ووٹ شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ پر درج تھا ان کو 31 دسمبر 2018 تک سہولت دی گئی تھی کہ وہ اپنے ووٹ کو شناختی کارڈ پر درج کسی بھی پتہ پر منتقل کروا لیں۔

ایسے تمام رائے دہندگان جو اس سہولت کے پیش نظر اپنے ووٹ کو منتقل نہیں کرواسکے ہیں ان کے ووٹ مذکورہ بالا قانون کی روشنی میں غیر موثر ہوگئے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظرآئین کی شق 219(اے ) اور الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 36 میں دیے گئے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ ووٹ کے بنیادی حق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے اوررائے دہندگان کے ووٹ کے اندراج کو شناختی کارڈ پر درج پتوں کے مطابق منتقل کیا جاسکے ۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق انتخابی فہرستوں میں درج 8 سے 10 فیصد رائے دہندگان کے ووٹ شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ پر درج ہیں ۔ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے اس عمل میں ایسے تمام ووٹ، جو کہ شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ پر درج ہیں، کی نشاندہی کی جائے گی اور انکو شناختی کارڈ پر درج پتوں پر منتقل کیا جائے گا ۔

اس عمل کے دوران رائے دہندگان کو بھی یہ سہولت دی جارہی ہے کہ وہ اپنی خوہش کے مطابق شناختی کارڈ پر درج کسی بھی پتہ کے مطابق اپنا ووٹ منتقل کرواسکیں جس کے لیے وہ رجسٹریشن افسر /ضلعی الیکشن کمشنر یا اسسٹنٹ رجسٹریشن افسر کے دفاتر میں31مارچ 2019تک فارم نمبر 21 جمع کرواسکتے ہیں۔

واضح رہے قومی صوبائی یا بلدیاتی الیکشن کے انتخابات کے شیڈول جاری ہونے تک رائے دہندگان اس حلقہ انتخاب میں اپنے ووٹ کو درج یا منتقل کرواسکتے ہیں الیکشن کا شیڈول جاری ہونے پر اس حلقہ کی انتخابی فہرستیں منجمد کردی جاتی ہیں۔

الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 25 کے مطابق نئے شناختی کارڈ بنانے والے شہری شناختی کارڈ بناتے وقت اپنے مستقل یا عارضی / موجودہ پتہ کو ووٹ اندراج کے لیے منتخب کرسکتے ہیں۔ رائے دہندگان مزید معلومات کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk اور دفتر ضلعی الیکشن کمشنر سے رابطہ کریں ۔

مزید براں ضلع میں قائم مرکز معلومات و شکایات کا رابطہ نمبر اور ووٹ کے اندراج کی معلومات اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ تمام مراکز برائے وصولی فارم( اندراج و منتقلی ووٹ) ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے ۔ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کو اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق یقینی بنائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.