میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کی عدم دلچسپی، کھیوڑہ میں سٹریٹ اور روڈ لائٹس کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو گیا

0

کھیوڑہ: شہر کی انتہائی مصروف مرکزی شاہراہ سمیت گلیوں میںسرشام اندھیرے کا راج، میونسپل کمیٹی کھیوڑہ انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے سبب سٹریٹ اور روڈ لائٹس کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔

مقامی فیکٹری کی باونڈری وال کے ساتھ لگیں چندلائٹس جو فیکٹری دیوار کی حفاطت کے لیے لگائی گئی ہیں وہ روشن ہوتی ہیں جبکہ شہر میں مرکزی سڑک سمیت اندرون آبادی اندھیرے میں ڈوبی رہتی ہے ، کئی سالوں سے ناکارہ لائیٹنگ کے نظام کی مرمت کا مقامی انتظامیہ کے پاس کوئی شیڈول نہیں ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کا مشہور قدیم ،معدنی سیاحتی شہر کھیوڑہ جو اب ایک انتہائی مصروف صنعتی زون کی شکل اختیار کر چکا ہے،اس شہر کی میونسپل کمیٹی کی نااہلی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سرِشام ہی ناکارہ سٹریٹ اور روڈ لائٹس کیوجہ سے پورا شہر اندھیرے میں ڈوب جاتاہے ۔

دور جدید دور میں میونسپل کمیٹی اور ایک لاکھ نفوس سے زائد کی آبادی کا یہ خوبصورت سیاحتی شہر عرصہ دراز سے تباہ شدہ سٹریٹ لائٹس کے نظام کی وجہ سے زمانہ قدیم کا منظر پیش کرتا نظر آتا ہے، پورے شہر کی مرکزی سڑک کا مخصوص چند سو فٹ کا ٹکڑا روشن ہوتاہے جو مقامی سوڈا کمپنی نے اپنی سیکورٹی کے لیے لگا رکھی ہیں۔

اس وقت شہر میں میونسپل کمیٹی کا چیئرمین نہ ہونے اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کے ہونے کے باوجود اہم عوامی مسلئے پر سنجیدگی سے کام نہ ہونے کی وجہ سے شہر بھر کی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

عوامی سماجی حلقوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ ضلع جہلم کے سب سے بڑے صنعتی شہر اور کروڑوں روپے ریونیودینے والے شہر سے سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کر کے اس کی بنیادی ترقی کے لیے ضروری تمام تر اقدامات کیے جائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.