حکومتی احکامات پر بغیر تفریق ایکشن ہوگا، پہلی ترجیح عوام کو پانی کی مناسب ترسیل ممکن بنانا ہے۔ ملک عامر تنویر

0

کھیوڑہ: چیف آفیسر کھیوڑہ ان ایکشن،غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن،گلی محلوں اور آبادی کے نالوں سمیت شہریوں کو پانی کی منصفانہ تقسیم جیسے درینہ انتہائی اہمیت کے حامل کاموں پر تیزی سے کام شروع ہوگیا۔میرا کام حکومتی احکامات پر بغیر تفریق ایکشن لینا ہے ،کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی،میونسپل کمیٹی کو درپیش مسائل سے اعلی حکام کو آگاہ کر دیا ہے ،کام چوری سمیت کرپشن کا خاتمہ ٹارگٹ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار میونسپل کمیٹی کھیوڑہ میں چند ماہ قبل بطور چیف آفیسر چارج سنبھالنے والے ملک عامر تنویر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب اس ادارے کے تمام افراد کو کام کر نا پڑے گا، میرا کام حکومتی احکامات کی ہر صورت تعمیل کروانا ہے اور اس میں کسی کو بھی رعا ئت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چارج سنبھالنے کے بعدمیرے علم میں آنے والی سب سے زیادہ شکایات شہر کی ناقص صفائی اور پینے کے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی ہیں اس ضمن میں سینٹری ورکروں سے بڑے نالوں کی صفائی مکمل کروانے کے بعد ان کی دو ٹیمیں بنا کر انہیں روزانہ کی بنیاد پر ایک وارڈ کی مکمل صفائی کا ٹاسک دے رکھا ہے اور ان کے کام میں سیاسی و بیرونی مداخلت پر سختی سے پابندی لگا رکھی ہے جبکہ شہریوں کو پینے کے پانی کی منصفانہ تقسیم کے لئے شیڈول فائنل کر کے آویزاں کر دیا جائے گا۔

ملک عامر تنویر نے کہا کہ ملک میں پانی کی قلت کے پیش نظر سرکاری احکامات پر پنڈدادنخان سے کھیوڑہ شہر کو پانی کی فراہمی والی مرکزی لائن سے کمرشل اور گھریلوں صارفین کے کنکشنوں کا مکمل ریکارڈ حکام بالا کو بھجوایا جا چکا ہے اور صارفین کو نوٹس بھی بھجوا دئیے ہیں ہماری پہلی ترجیح عام عوام کو پانی کی مناسب ترسیل ممکن بنانا ہے میونسپل کمیٹی کی دکانوں سمیت دیگر ایسے افراد کو سلسلہ وار نوٹس بھجوائے جا رہے ہیں جنہوں نے اپنی حدود سے باہر شیڈ بنا رکھے ہیں کہ انہیں اتار لیں وگرنہ حکومتی ایکشن میں نقصان کے خود ذمہ دار ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ قابل ستائش بات یہ ہے کہ دکان داروں کی اکثریت نے ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اضافی شیڈ اتار لئے ہیں ،درجنوں دکانوں اور کھوکھوں کے کئی ماہ کے بقایاجات کلیئر کر کے کمیٹی کاریونیو بڑھایا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں عملے کی کمی کے ساتھ صفائی کے لئے ضروری مشینری کی کمی کاسامنا ہے جس کے متعلق اعلی حکام کو آگاہ کیا جا چکا ہے، عام عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا ،کام چور اور کرپٹ اہلکاروں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات پر سخت کاروائی کی جائے گی،شہر کو صاف رکھنے میں ہمیں عوام کا تعاون درکار ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.