کسی ادارہ کو بھی پنڈدادنخان کے آبی ذخائر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور

0

پنڈدادنخان ( سید اسد بخاری) محمد سیف انور جپہ نے کہا کہ کسی ادارہ کو بھی بلا معاوضہ آبی ذخائر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آئی سی آئی سوڈا ایش کھیوڑہ غریبوال (پائیدار) سیمنٹ فیکٹر ی اور ڈنڈوت سیمنٹ فیکٹری چیف جسٹس کے مقرر کردہ ٹیرف کے مطابق ادائیگی یقینی بنائیں، ماحولیاتی آلودگی پھیلانیوالے اداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم نے پنڈدادنخان اور کھیوڑہ کے سینئر صحافیوں، پی ٹی آئی کے کارکنان انجمن تاجران پنڈدادنخان و دیگر شہریوں سے ملاقات کے موقع پرکیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان گوہر زمان وزیر، ای ڈی او ہیلتھ جہلم ڈاکٹر وسیم اور ماہر قانون دان و مرکزی رہنما پی ٹی آئی فیصل چوہدری بھی ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی صحافیوں محکمہ ماحولیات کی ٹیم اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان کی سربراہی میں صنعتی اداروں کا وزٹ کریں گے، جائزہ لے کر قباحتیں دور کی جائیں گی اگر سوڈا ایش کے کچے تالاب زمینی آلودگی پھیلانے کے مرتکب ہیں توقانونی کاروائی کی جائے گی۔

پنڈدادنخان کھیوڑہ الگ الگ وفود نے ڈی سی جہلم سے ملاقات میں تحصیل پنڈدادنخان میں پائی جانے والی فضائی و زمینی آلودگی اور آئی سی آئی سوڈا ایش کھیوڑہ غریبوال (پائیدار) سیمنٹ فیکٹر ی اور ڈنڈوت سیمنٹ فیکٹری کے بلامعاوضہ زیر زمین آبی ذخائر استعمال کرنے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان سول ہسپتال کھیوڑہ کی حالت زار ادویات کی کمی، ڈاکٹر ز و دیگر سٹاف کی کمی اور طبی سہولیات کے فقدان کے بارے آگاہ کیا، بعدازاں شہریوں نے ڈاکٹر ثاقب حسین کے خلاف شکایت کے انبار لگا دئیے۔

ڈپٹی کمشنر سیف انور نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام صنعتی اداروں کو متنبہ کیا کہ وہ زمینی اور فضائی آلودگی کے اسباب پر کنٹرول کریں اور جو زیر زمین بلامعاوضہ پانی کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، چیف جسٹس آف پاکستان کے مقرہ کردہ ٹیرف کے مطابق ادائیگیاں یقینی بنائیں ورنہ ان اداروں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان کو یہ بھی ہدایت جاری کیں کہ زیر زمین پانی کے نمونہ جات لے کر متعلقہ لیبارٹریوں کو بھیجوائیں اور میرٹ پر رپورٹ طلب کی جائے اور آئی سی آئی کے فالتو فضلاء کے کچے تالبوں کے نمونہ جات بھی لیبارٹریوں کو بھیجوائیں جائیں اور یہ بھی جانچ پڑتال کی جائے کہ آیا کچے تالبوں کے باعث گردو نواح کی زمینیں اور زیر زمین پانی متاثر ہو رہا ہے یا کہ کوئی اور اسباب ہیں۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر جہلم، ای ڈی او ہیلتھ جہلم، اسسٹنٹ کمشنر پنددادنخان رہنما پی ٹی آئی فیصل چوہدری نے یقین دلایا کہ انشاء اللہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان و سول ہسپتال کھیوڑہ کے تما م مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور ڈاکٹر ثاقب کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان و سول ہسپتال کھیوڑہ میں ہر گز تعینات نہیں کیا جائے گا۔

آخر میں ڈپٹی کمشنر جہلم سیف انور، ای ڈی او ہیلتھ جہلم، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان ، چیف مائننگ انجینئر عدنان حسین خان اور رہنما پی ٹی آئی فیصل چوہدری نے مقامی رہنما ملک باصر کھوکھر ملک وقار عباس ملک فیصل کونسلر غلام شبیر کونسلر ملک سلیم اصغر کھوکھر مرزا دلدار و دیگر نے سالٹ مائن کھیوڑہ کا دورہ بھی کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.