کیپٹن عطاء اللہ سول ڈسپنسری پڑی درویزہ میں 40 سال بعد ایل ایچ وی عارضی طور پر تعینات

0

پڑی درویزہ: ایم پی اے اور سی ای او ہیلتھ ضلع جہلم کا پہلا وعدہ ایفا ، کیپٹن عطا اللہ سول ڈسپنسری پڑی درویزہ میں40سال بعد ایل ایچ وی عارضی طور پر تعینات جبکہ دوران ہفتہ دو دن کے لیے ڈاکٹر کی دستیابی بھی متوقع ۔اہلیان پرڑی درویزہ اور مقامی صحافی کی کوششیں رنگ لائیں۔ عوامی حلقوں کی طرف سے اظہار تشکر ۔

تفصیلات کے مطابق ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 25سوہاوہ و صوبائی پارلیمانی سیکریٹری راجہ یاور کمال اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ضلع جہلم ڈاکٹر محمد وسیم نے 12جون 2019ء کو کیپٹن عطا اللہ سول ڈسپنسری پڑی درویزہ کی پسماندگی اور خستہ حالی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک دورہ کیا تھا ۔

اس موقع پر پڑی درویزہ اور علاقہ معززین کے اجتماع میں وعدہ کیا تھا کہ ڈسپنسری کی بحالی یا اپ گریڈیشن کے قبل عمارت کی مرمتی اور ایک میڈیکل آفیسر مع لیڈی ہیلتھ ویزیٹر تعینات کی جائیں گی جس کے نتیجے میں علاقہ کی پچیس ہزار کی آبادی کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی ہو جائے گی۔

کئے گئے وعدوں کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ضلع جہلم ڈاکٹر محمد وسیم کے احکامات کے مطابق کیپٹن عطا اللہ سول ڈسپنسری پڑی درویزہ میں چالیس سال کے بعد ایک لیڈی ہیلتھ ویزیٹر عارضی طور پر تعینات کر دی گئی ہے یکم جولائی 2019ء سے ایل ایچ وی نے اپنے فرائض کی انجام دہی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ توقع کے تین جولائی 2019ء بروز بدھ سے دوران ہفتہ دو دن کے لیے ایک میڈیکل آفیسر بھی مذکورہ ڈسپنسری میں مریضوں کا معائنہ کیا کرے گا ۔

اس سلسلے میں میڈیا کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ضلع جہلم ڈاکٹر محمد وسیم سے جب مزید وضاحت طلب کی گئی تو ان کو کہنا تھا کہ ایل ایچ وی یا میڈیکل آفیسر عارضی طور پر تعینات کیے گئے ہیں آئندہ چند ماہ کے عرصہ کے دوران نئی بھرتی کا امکان موجود ہیں اگر کوئی امیدوار نیا بھرتی ہو گیا تو ایل ایچ وی اور میڈیکل آفیسر مستقل بنیادوں پر بھی مہیا کیے جاسکتے ہیں ۔

ڈاکٹر محمد وسیم نے مزید بتایا کہ کوائف کی ورق گردانی سے پتا چلا ہے کہ کیپٹن عطااللہ ڈسپنسری پڑی درویزہ کا رقبہ ضلع کونسل کے نام رجسٹرڈ ہے اس سلسلے میں ایم پی اے راجہ یاور کمال کی وساطت سے ایک سرکاری چٹھی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے جس کے جواب کے بعدعمارت کی مرمتی کے تخمینہ پر کام کیا جائے گا ۔

ان اقدامات پر اہلیان پڑی درویزہ سے سابق امیدوار برائے جنرل کونسلر مرزا نذیر حسین ، سابق کونسلر ملک محمد یعقوب ، شاہد محمود مغل ، ملک محمد شفیق ، عمران نذیر مرزا ، حافظ محمد وقاص جاوید ، ملک امیر زمان اور مقامی صحافی پروفیسر افتخار محمود پکھڑال نے ایک مشترکہ بیان میں ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال اور سی ای او ہیلتھ ضلع جہلم ڈاکٹر محمد وسیم کا شکریہ ادا کیا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ باقی وعدے بھی پورے ہوں گے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.