جہلم

بلال ٹاؤن کی ٹوٹی گلیاں، جگہ جگہ گندے پانی سے اٹھنے والے تعفن کے باعث علاقہ مسائل کا گڑھ بن گیا

جہلم: شہر کے علاقہ بلال ٹاؤن کی ٹوٹی گلیاں ، جگہ جگہ گندے پانی سے اٹھنے والے تعفن کے باعث علاقہ مسائل کا گڑھ بن گیا۔ سیوریج سسٹم نہ ہونے کے باعث گندا پانی خالی پلاٹوں میں جمع ہونے کیوجہ سے آبادی میں موجود پلاٹ جوہڑ میں تبدیل ہو نے لگے ، ان جوہڑوں سے اٹھنے والے تعفن کے باعث شہری مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

مون سون کی بارشوں نے میونسپل کمیٹی کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ، جگہ جگہ بارشوں کا پانی پچھلے کئی روز سے کھڑا ہے شہریوں کا اپنے گھروں میں رہنا محال ہو چکا ہے، کچی اور ٹوٹی پھوٹی گلیوں میں علاقہ مکینوں کا چلنا محال ہو چکا ہے ، جہلم شہر سے ملحقہ آبادیوں میں سیاسی نمائندوں اور ضلعی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث شہری علاقے مسائل کا گڑھ بن چکے ہیں ، ٹوٹی پھوٹی اور کچی سڑکوں پر بارش اور سیوریج کا پانی کھڑا ہونے سے علاقہ مکینوں کا اپنے گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہو گیاہے۔

جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں نے ڈیرے جما رکھے ہیں گلیوں و بازاروں میں بکھرے کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں اور گندے پانی سے اٹھنے والے تعفن اور بدبونے علاقہ مکینوں کا سانس لینا بھی محال کر دیا ہے ، علاقہ مکینوں نے سیاسی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقہ مکینوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر ، گندے پانی کی نکاسی اور گندگی کے ڈھیروں کو ختم کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں تاکہ علاقہ مکین موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button